پاکستان کے وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے جدہ میں پہلی ’میڈ ان پاکستان‘ سنگل کنٹری (یک ملکی) نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقعے پر کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان ترقی کے نئے دروازے کھیلں گے۔
پانچ سے سات فروری تک جاری رہنے والے اس نمائش کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
جدہ میں منعقدہ اس نمائش میں پانچ فروری کو وزیر نے سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ کے لیے پاکستان کی بڑھتی ہوئی صنعتی صلاحیت کو اجاگر کیا اور خاص طور پر غذائی تحفظ، توانائی، اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
جام کمال خان نے سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ ثقافتی تعلقات، اور سٹریٹجک شراکت داری کی مظہر ہے۔
انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کے تعلقات کا ستون قرار دیا۔
وزیر نے اسے پاکستان کی بہترین مصنوعات اور خدمات کی نمائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کے ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان، لائٹ انجینئرنگ، فوڈ، اور تعمیراتی مواد جیسے شعبوں میں عالمی معیار کی مصنوعات پیش کرنے کا موقع ہے۔
انہوں نے پاکستان کی ابھرتی ہوئی صنعتی بنیاد اور متحرک معیشت کو سعودی عرب کے ساتھ مزید گہرے اقتصادی تعلقات قائم کرنے کے لیے ایک طاقت ور موقع قرار دیتے ہوئے کہا: ’ہماری حکومت سعودی عرب کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسیع کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
’پاکستان کی معیشت خاص طور پر فوڈ سکیورٹی، توانائی، اور انسانی وسائل کی ترقی جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے لیے وسیع مواقع ہیں۔‘
جام کمال خان نے پاکستانی اور سعودی کاروباری اداروں کے درمیان گہری شراکت داری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے افریقہ، وسطی ایشیا اور مشرق بعید کی مارکیٹوں کو ہدف بنانے والے مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر بات کی۔
وزیر نے اپنے اختتامی کلمات میں سعودی قیادت اور کاروباری برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ نمائش پاکستان اور سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کی علامت ہے۔ ’مجھے یقین ہے کہ یہ نمائش تعاون اور باہمی ترقی کے نئے دروازے کھولے گی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ٹی ڈی اے پی) اور وزارت تجارت پانچ سے سات فروری 2025 تک جدہ سینٹر فار ایگزیبیشنز اینڈ ایونٹس میں میڈ اِن پاکستان نمائش اور بزنس فورم 2025 کی میزبانی کر رہے ہیں۔
ٹی ڈی اے پی کی پریس ریلیز کے مطابق یہ نمائش مختلف صنعتی شعبوں پر مرکوز ہے جن میں خوراک، ٹیکسٹائل، انجینیئرنگ اور خدمات شامل ہیں۔
اس میں کھیلوں کے سامان اور کپڑے، دواسازی، تولیے، تیار شدہ ملبوسات، پراسیس شدہ خوراک، تعمیراتی سامان اور آرکیٹیکچرل ڈیزائن جیسے شعبوں کی مصنوعات اور خدمات پیش کی جا رہی ہیں۔
یہ نمائش پاکستانی کاروباری اداروں کو سعودی اور بین الاقوامی خریداروں اور سرمایہ کاروں سے جوڑنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے، تاکہ پاکستان کی مصنوعات کو سعودی مارکیٹ میں فروغ دیا جا سکے۔
پریس ریلیز کے مطابق یہ نمائش نہ صرف ایک تجارتی شو بلکہ بزنس ٹو بزنس پلیٹ فارم ہے جہاں کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور حکومتی نمائندے ایک دوسرے سے براہ راست بات چیت اور تعاون کریں گے۔
یہ تین روزہ ایونٹ ایک جامع تجارتی نمائش، بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں، اور سیمینارز پر مشتمل ہے، جس میں 135 سے زائد پاکستانی نمائش کنندگان ملک کی متنوع صنعتوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔