وزیر اعظم کا آئی ایف سی پر نجی شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور

آئی ایف سی، ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں نجی شعبے پر توجہ مرکوز کرنے والا سب سے بڑا عالمی ترقیاتی ادارہ ہے، جس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو نائب صدر سے وزیر اعظم کی ملاقات ہوئی۔

14 فروری 2025 کو اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف آئی ایف سی کے اعلیٰ وفد سے ملاقات کے دوران (وزیر اعظم آفس)

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ورلڈ بینک گروپ کے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) سے کلیدی شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

آئی ایف سی، ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں نجی شعبے پر توجہ مرکوز کرنے والا سب سے بڑا عالمی ترقیاتی ادارہ ہے۔ دوسری جانب ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 40 ارب ڈالر کی معاون رقم کا وعدہ کر رکھا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو نائب صدر مختار ڈیوپ کی ملاقات جمعے کو ہوئی جس میں پاکستان میں گروپ کے جاری اور ممکنہ اقدامات زیر غور آئے۔

وزیر اعظم نے ورلڈ بینک گروپ کی پاکستان میں حال ہی میں 40 ارب امریکی ڈالر کے ساتھ جاری کردہ 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک  (2026-2035) کے اجرا کو بھی سراہا۔

ان اقدامات میں انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن اور بین الاقوامی بینک برائے تعمیر نو اور ترقی کے ذریعے 20 ارب امریکی ڈالر کا آسان شرائط کا قرضہ شامل ہوگا۔ آئی ایف سی پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مزید 20 ارب ڈالر اکٹھا کرے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا: ’وزیرِ اعظم نے آئی ایف سی کی پاکستان میں انفراسٹرکچر، مواصلات، بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، موسمیاتی ایشوز، شعبہِ صحت اور پانی اور صفائی سمیت کلیدی شعبوں کے تحت تعاون بڑھانے کے لیے حوصلہ افزائی کی۔‘

ساتھ میں ملک کی ترقی کے لیے نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت اور اسے مزید مؤثر بنانے کے لیے تعاون کو بڑھانے کے لیے بھی آئی ایف سی کی حوصلہ افزائی کی۔

وزیراعظم نے برآمدات کے ذریعے ملکی ترقی پر توجہ دینے پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کی معیشت کے لیے ملکی اداروں جیسے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے صحت مند افرادی قوت کے لیے پانی، صحت اور صفائی ستھرائی میں نجی سرمایہ کاری کے جامع نظام کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

دوسری جانب آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو نائب صدر مختار ڈیوپ نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ پاکستان کی جاری کامیاب معاشی اصلاحات کے پروگرام کو سراہا۔

اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ اور وزارت خزانہ و اقتصادی امور کے سینیئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

پاکستان کے لیے عالمی بینک کا قرض دینے کا پروگرام، جو 2026 میں شروع ہونے والا ہے، چھ بنیادی نتائج پر توجہ مرکوز کرے گا۔

ان میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانا، بچوں کی نشوونما سے نمٹنا، موسمیاتی پائیداری کو بڑھانا، توانائی کی کارکردگی میں اضافہ، جامع ترقی کو فروغ دینا، اور نجی سرمایہ کاری میں اضافہ شامل ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت