ایس آر ایم جی کا دورہ، پاکستانی وزیر اطلاعات کی سعودی میڈیا سے شراکت داری پر گفتگو

سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ کے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقعے پر عطا اللہ تارڑ اور ایس آر ایم جی کی سربراہ جمانا الراشد نے انڈپینڈنٹ اردو، اردو نیوز اور عرب نیوز کے مثبت اثرات پر گفتگو کی۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ 25 فروری 2025 کو ریاض میں ایس آر ایم جی کے ہیڈ کواٹر کے دورے کے دوران سی ای او جمانا الراشد سے ملاقات کر رہے ہیں (ایس آر ایم جی)

وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ریاض میں سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر دونوں اطراف کے درمیان میڈیا تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اس موقعے پر انہوں نے ایس آر ایم جی کی سربراہ جمانا الراشد سے ملاقات کی، جس کے دوران شراکت داری کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے ناظرین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے تعاون کو وسعت دینے پر توجہ دی گئی۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور جمانا الراشد نے پاکستان میں ایس آر ایم جی کے پلیٹ فارمز انڈپینڈنٹ اردو، اردو نیوز اور انگریزی زبان میں شائع ہونے والے عرب نیوز کے مثبت اثرات پر گفتگو کی۔

ایس آر ایم جی کے منگل کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ پلیٹ فارمز معیاری اور معلوماتی مواد فراہم کر کے قارئین کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق، ایس آر ایم جی کے چیف سٹریٹیجی اینڈ کمرشل آفیسر باسل المعلمی اور چیف آپریشنز آفیسر صالح الدویس بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔

سعودی میڈیا فورم میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان کے میڈیا منظرنامے میں ایس آر ایم جی کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے فراہم کردہ خدمات اور معیاری صحافت کو سراہا۔

اردو بولنے والے قارئین کے لیے خبریں، تجزیے اور ثقافتی مواد فراہم کرنے والے ایس آر ایم جی کے ادارے معلومات کی فراہمی کا معتبر ذریعہ بن چکے ہیں۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

درست اور قابل بھروسہ رپورٹنگ کے ذریعے یہ پلیٹ فارمز اہم سماجی مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کر رہے ہیں۔

ایس آر ایم جی کے بیان کے مطابق یہ صحافتی ادارے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کر رہے ہیں، ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں اور پاکستان سمیت عالمی سطح پر سامعین سے روابط کو مستحکم کر رہے ہیں۔

گذشتہ ہفتے سعودی میڈیا فورم 2025 کے تحت ایک تقریب سے خطاب میں عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ انڈپینڈنٹ اردو سمیت سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) کے دیگر ادارے پاکستان میں خبروں اور سماجی مسائل پر بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاکستانی وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ سعودی عرب کا وژن 2030 عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز اور مس انفارمیشن سب سے بڑا خطرہ اور چیلنج ہیں جو سماجی مسائل کا باعث بنتے ہیں جس کے حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ ایک متحرک میڈیا پر ہے جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو جس میں میڈیا سے متعلق تمام جہتوں کو مدنظر رکھا گیا ہو۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا