آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے ایک اہم میچ میں جمعے کو آسٹریلیا اور افغانستان کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہونے سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا، جس کے بعد آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
افغانستان کی جانب سے 274 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 12.5 اوورز میں 109 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا، جس کے بعد بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔
اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے تھے۔
افغان ٹیم کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں تین رنز پر گر گئی، جب رحمان اللّٰہ گرباز صفر پر بولڈ ہوگئے۔
افغان بلے بازوں نے پارٹنرشپ قائم کر کے 11 اوورز میں ٹیم کا سکور 62 رنز تک پہنچا دیا، جس کے بعد 14ویں اوور میں افغان ٹیم کی دوسری وکٹ 70 رنز پر گر گئی۔
افغانستان کی جانب سے صدیق اللہ اتل 85 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 67 اور ابراہیم زدران نے 22 رنز بنائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آسٹریلیا کے بین ڈیوارشیس نے تین، ایڈم زیمپا اور سپینسر جانسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا اور افغانستان ون ڈے کرکٹ میں چار مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں، جن میں چاروں میچز آسٹریلیا نے جیتے ہیں۔
دونوں ٹیموں نے ون ڈے ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کے ساتھ کُل تین میچز کھیلے ہیں جبکہ چیمپیئنز ٹرافی میں ان کا یہ پہلا ٹاکرا ہے۔
آسٹریلوی ٹیم نے آج ایونٹ کے گروپ بی میچز میں اپنا آخری میچ کھیلا۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنے روایتی حریف انگلینڈ کو شکست دی تھی جبکہ راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ان کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
دوسری جانب افغانستان کے پاس اب بھی سیمی فائنل میں رسائی کا ایک آپشن موجود ہے، اگر انگلینڈ یکم مارچ کو کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ کو بھاری مارجن سے ہرا دے۔
اگر اگلے میچ میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ کو شکست دیتا ہے تو وہ پانچ پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہوگا، لیکن اگر انگلینڈ جیت جاتا ہے تو جنوبی افریقہ اور افغانستان کے تین، تین پوائنٹس ہوں گے اور سیمی فائنل میں رسائی کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔
افغانستان کا نیٹ رن ریٹ 0.99۔ ہے، جس کے باعث اس کی سیمی فائنل میں رسائی مشکل نظر آتی ہے۔ کوالیفائی کرنے کے لیے جنوبی افریقہ کو کم از کم 301 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 207 رنز سے ہارنا ہوگا، جو انتہائی ناممکن نظر آتا ہے۔
اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر گروپ بی میں آسٹریلیا پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے، افغانستان تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔
اسی طرح گروپ اے سے نیوزی لینڈ اور انڈیا پہلے کی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔