آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اس ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم ہے جسے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں نیوزی لینڈ اور پھر انڈیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ اے سے انڈیا اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش دو، دو میچز ہارنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
تاہم ان دونوں ٹیموں کے درمیان 27 فروری کو راولپنڈی میں میچ کھیلا جانا ہے۔
اس وقت گروپ اے میں بنگلہ دیش کی تیسری پوزیشن ہے جبکہ میزبان اور دفاعی چیمپیئن پاکستان دو شکستوں اور خراب رن ریٹ کے بعد سب سے آخر میں ہے۔
آئی سی سی نے ایونٹ کے آغاز سے قبل ٹورنامنٹ کے لیے 2017 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے مقابلے میں 53 فیصد زیادہ انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔
مگر اس انعامی رقم میں سے اب میزبان، دفاعی چیمپیئن اور ٹورنامنٹ سے سب سے پہلے باہر ہونے والی پاکستانی ٹیم کو کیا ملے گا؟
آئی سی سی کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ ساتھ 22 لاکھ 40 ہزار امریکی ڈالر انعامی رقم دی جائے گی، جس کا فیصلہ نو مارچ 2025 کو ہو گا۔
اب پاکستان تو اس دوڑ سے نکل چکا ہے۔
اس کے بعد باری آتی ہے رنر اپ یعنی فائنل ہارنے والی ٹیم کی جسے 11 لاکھ 20 ہزار ڈالر ملنے ہیں، پاکستان اس انعامی رقم کا بھی حقدار نہیں رہا۔
ساتھ ہی سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیموں میں بھی پاکستان نہیں ہوگا جنہیں 5 لاکھ 60 ہزار ڈالر فی ٹیم دیے جائیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تو آخر پاکستان کو ملے گا کیا؟
آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی میں گروپ مرحلے میں جیتنے والی ٹیم کو 34 ہزار ڈالر سے زیادہ کی رقم ملنی ہے۔ مگر اب تک پاکستان اس کا حقدار بھی نہیں بن پایا ہے۔ لیکن اگر پاکستان اپنے آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے دیتا ہے تو وہ اس انعامی رقم کا حقدار ضرور بن جائے گا۔
اس کے علاوہ اگر پاکستان پانچویں یا چھٹی پوزیشن پر آتا ہے تو اسے تین لاکھ 50 ہزار ڈالر، جبکہ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے پر ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر دیے جا سکتے ہیں۔
لیکن اس کا فیصلہ بھی دیگر ٹیموں کے درمیان میچز کے نتائج پر ہی ہو گا۔
یعنی پاکستان کو کچھ نہیں ملے گا؟
نہیں ایسا نہیں ہے کیونکہ آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی میں حصہ لینے والی تمام آٹھ ٹیموں میں سے ہر ایک کو اس ایونٹ کا حصہ بننے پر ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر دینے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ مطلب یہ رقم تو پاکستان کو ہر حال میں ملے گی۔