ایک سعودی شہزادے کی جدہ میں اپنے نئے کھولے گئے ریسٹورنٹ میں گاہکوں کے لیے کھانا پکانے اور پیش کرنے کی ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شیف ایپرن پہنے شہزادہ نایف بن ممدوح بن عبدالعزیز، جدہ کے مکارم نجد ریسٹورنٹ میں روایتی سعودی کھانوں جیسا کہ مندی، جریش، کبسہ، مارگوگ، ہریسہ اور عریکہ کی تیاری کے لیے عملے کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔
ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہزادہ کوئلے پر چکن پکاتے ہوئے ایک گاہک کو ریسٹورنٹ کی فوڈ سیفٹی کے متعلق بتا رہے ہیں۔
شہزادے نے کہا: ’نوجوان مجھ سے کہتے ہیں کہ آپ نے یہ کیوں پہنا ہے اور آپ اس طرح کام کیوں کر رہے ہیں؟ یہ میرا کام ہے۔ مجھے اپنی ٹیم کے ساتھ کام بانٹنا پسند ہے۔ کام کرنا ایک اعزاز ہے، یہ شرم کی بات نہیں اور کوئی نبی ایسا نہیں ہے جس نے بھیڑیں نہ پالی ہوں۔‘
لا تفوتكم #بادية_مكارم_نجد pic.twitter.com/YhXtBlgJye
— نايف بن ممدوح بن عبدالعزيز آل سعود (@NayefBinMamdooh) September 22, 2023
سوشل میڈیا پر مداحوں نے بھی اس کی توثیق کی۔ عبدالرحمٰن السلیم نے کہا: ’یہ ہمارے کچھ نوجوان مردوں اور عورتوں کے لیے ایک پیغام ہے، جو ہوسکتا ہے اس طرح کے پیشوں میں کام نہ کریں۔ شہزادہ نایف بن ممدوح بن عبدالعزیز اپنا کاروبار کرنے کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایک اور صارف محمد الشہری نے لکھا: ’شہزادہ نایف کا ایک خوبصورت اور حیرت انگیز منظر، جس میں وہ ذاتی طور پر ایک ریسٹورنٹ کے عملے کی نگرانی اور خدمت کر رہے ہیں۔‘
تبوک کے سابق گورنر شہزادہ ممدوح بن عبدالعزیز کے صاحبزادے نایف اپنے والد کے نقش قدم پر چل کر خیراتی اور فلاحی کام کر رہے ہیں۔
ان کے منصوبوں میں سے ایک میں آگ بجھانے کی صلاحیتوں والے ایک ریسکیو اور ریلیف ہیلی کاپٹر کی تیاری بھی شامل ہے۔ اس اقدام کے باعث انہیں جینیوا بین الاقوامی نمائش برائے ایجادات میں بین الاقوامی فیڈریشن آف انوینٹرز ایسوسی ایشنز کی طرف سے ایک بڑا انعام دیا گیا۔