اسلام آباد کنونشن سینٹر میں پیر کو ہونے والے گرین پاکستان سیمینار میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’جو پروپیگنڈا کرتے ہیں وہ سن لیں کہ اس ملک کے پاس سب کچھ ہے یہاں صرف مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اب پاکستان صرف ترقی کرے گا اور اوپر جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ ہر وقت عوام میں مایوسی پھیلاتے ہیں کہ پاکستان تباہ ہو گیا، وہ صرف جھوٹا پروپیگنڈا کرتے ہیں۔‘
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ 'اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں۔ مسلمان کے لیے نا امیدی کفر ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مسلمانوں کے لیے دو ہی حالتیں ہیں جب اس پر مصیبت آتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے جب خوشی ملتی ہے تو وہ شکر ادا کرتا ہے۔‘
آرمی چیف نے کہا کہ ’ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سرسبز کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ پاکستان کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے، ہم باصلاحیت قوم ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اس کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔‘
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکا سے خطاب میں مزید کہا کہ ’پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی ، ہمارے پاس ہر طرح کا پوٹینشل موجود ہے جو پاکستان کو عروج پر لے جاسکتا ہے۔‘
’ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بحیثیت ادارہ مکمل جانفشانی اور قلب و روح کے ساتھ اس مرحلہ کی تکمیل کے لیے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
واضح رہے کہ سعودی عرب کے اشتراک سے جدید زراعت کے فروغ کے لیے حکومت پاکستان اور پاکستانی فوج نے لینڈ انفارمیشن اینڈ منیجمنٹ سسٹم، سینٹر آف ایکسیلنس کا قیام کیا ہے۔
اس منصوبے کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل سٹریٹیجک پراجیکٹس میجر جنرل شاہد نذیر کریں گے۔
انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا تھا کہ ’اس انقلابی تحریک سے زمین، فصلوں، موسم، پانی کے ذخائر اور کیڑوں کی روک تھام پر ایک ہی چھت کے نیچے کام کیا جائے گا اور پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے کے لیے سپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل کا قیام بھی کر دیا گیا ہے۔‘