بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان نے عمان کو 147 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ یہ پاکستان کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنائے۔ اوپنر حیدر علی نے سنچری سکور کی جبکہ روحیل نذیر اور خوشدل شاہ نے نصف سنچریاں بنائیں۔
ہدف کے تعاقب میں عمان کی پوری ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کے خوشدل شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق عمان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو عمیر بن یوسف اور حیدر علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پاکستان کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
عمیر بن یوسف 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد اوپنر حیدر علی اور کپتان روحیل نذیر کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 107 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ حیدر علی نے 118 اور روحیل نذیر 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اختتامی اوورز میں مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے دھواں دھار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 24 گیندوں پر پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے اننگز کی آخری 10 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔
320 رنز کے تعاقب میں عمان کی بیٹنگ لائن اَپ اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔ محمد حسنین اور ثمین گل کی نپی تلی بولنگ کی بدولت عمان کے ابتدائی چار بلے باز محض 15 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ پانچویں وکٹ کے لیے محمد ندیم اور سندیپ نے پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 67 رنز کی شراکت کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
محمد ندیم 46 اور سندیپ 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی عمان کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 48ویں اوور میں 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
خوشدل شاہ نے 27 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ ثمین گل، محمد محسن اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔