شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگن مرکل کی جانب سے اپنی سینیئر شاہی حیثیت سے دستبرداری کے اعلان کے بعد ملکہ برطانیہ نے ڈیوک آف سسیکس (ہیری) سمیت سینیئر رائلز کا ہنگامی اجلاس آج (پیر کو) طلب کر لیا، جس میں شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ کے شاہی خاندان میں مستقبل کے لیے کردار طے کیا جائے گا۔
ملکہ نے شہزادہ ولیم، شہزادہ ہیری اور ان کے والد شہزادہ چارلس کو نارفولک میں اپنی ذاتی جاگیر سینڈرنگھم اسٹیٹ میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں بلا رکھا ہے۔
توقع ہے کہ میگن اپنے اور شہزادہ ہیری کے مستقبل کے حوالے سے اس اہم اجلاس میں کینیڈا سے بذریعہ ٹیلی فون شامل ہوں گی۔
اجلاس میں شہزادہ ہیری کی جانب سے شاہی ذمہ داریوں سے دست برداری کے اعلان کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے ہو گا۔
شہزادہ ہیری کے حیران کن اعلان نے شاہی خاندان کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اس ہنگامی کیفیت کے بعد ان تمام سینیئر رائلز کی یہ پہلی بیٹھک ہو گی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ شاہی اجلاس کے لیے شہزادہ چارلس سکاٹ لینڈ کے برک ہال، شہزادہ ولیم اپنے کینسنگٹن پیلس اپارٹمنٹ اور شہزادہ ہیری ونڈسر کیسل کے قریب فروگمور کاٹیج سے سینڈرنگھم پہنچیں گے۔
شاہی خاندان اس بحران سے نمٹنے کے لیے کئی آپشنز پر غور کر سکتا ہے اور امکان یہی ہے کہ اجلاس ختم ہونے سے پہلے کسی معاہدے پر پہنچا جائے گا تاکہ بادشاہت کو دیرپا نقصان پہنچانے والے فوری بحران کو روکا جا سکے۔
اس اجلاس کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رپورٹ کیا جا رہا ہے کہ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کا خطاب پانے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگن مارکل نے اپنے پالتو کتے کینیڈا منتقل کر دیے، جس کے بعد قیاس کیا جا رہا ہے کہ شاہی جوڑا جلد شمالی امریکہ منتقل ہو جائیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شاہی جوڑے نے جب نومبر میں چھ ہفتوں کی چھٹیوں کے لیے کینیڈا کا دورہ کیا تھا تو ان کے دو پالتو کتے ان کے ہمرا تھے تاہم اب خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ واپس برطانیہ نہیں لائے گئے۔
میگن شہزادہ ہیری سے شادی کے بعد ’گائے‘ نامی کتا اپنے ہمراہ برطانیہ لے آئی تھیں جبکہ اس جوڑے کے پاس ایک بلیک لیبریڈور بھی ہے۔
’ڈیلی میل‘ کے مطابق ایک بلیک لیبریڈور اس جائیداد کے لان میں دیکھا گیا جس میں یہ جوڑا اپنی چھٹیوں کے دوران وینکوور جزیرے میں رہائش پزیر تھا۔
بدھ کو اس جوڑے کی جانب سے شاہی فرائض سے دست برداری کے حیران کن اعلان کے فوراً بعد میگن اپنے آبائی ملک کینیڈا واپس لوٹ آئی تھیں۔
کینیڈا منتقل کیے جانے والے کتوں کے بارے میں پوچھے جانے پر شاہی جوڑے کے ترجمان نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔
ملکہ برطانیہ اپنے درباریوں پر زور دے رہی ہیں کہ شہزادے ہیری اور میگن کے مستقبل میں شاہی خاندان کے رکن ہونے کی حیثیت سے کردار کو چند دنوں میں واضح کیا جائے۔
’دا ٹیلی گراف‘ کے مطابق کسی نتیجے پر پہنچنے کے لیے ملکہ نے 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن طے کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ملکہ چاہتی ہیں کہ شہزادہ ہیری کی اگلی عوامی حاضری سے پہلے یہ مسئلہ حل ہو جائے۔
ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس نے اپنے آٹھ ماہ کے بیٹے آرچی کے ساتھ کرسمس کے دوران شمالی امریکہ میں چھ ہفتے گزارے تھے۔
جوڑے نے کہا کہ وہ مستقبل میں برطانیہ اور کینیڈا میں اپنا وقت تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور مالی طور پر خود مختار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس اعلان کے بعد بکنگھم پیلس کے ترجمان نے کہا: ’ہم ان کے ایک مختلف نقطہ نظر اپنانے کی خواہش کو سمجھتے ہیں لیکن یہ پیچیدہ معاملات ہیں جن پر عمل کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔‘
جمعے کو شہزادہ ہیری اور میگن کے ایک دوست نے دعویٰ کیا تھا کہ اس جوڑے کو محسوس ہوا کہ انھیں شاہی خاندان سے ’بے دخل‘ کیا جارہا ہے۔ تاہم شاہی محل نے اس دعوے کی تردید کر دی تھی۔
میگن لاوارث کتوں کو گود لینے کی حمایت کرتی ہیں اور انھوں نے جانوروں کی فلاح و بہبود کے خیراتی ادارے ’مے ہیو‘ کو اپنی پہلی سرپرستی کے لیے منتخب کیا تھا۔
اس سے قبل میگن نے کہا تھا کہ ان کے کتے ان کو ’دنیا میں سب سے عزیز ہیں۔‘ وہ انھیں ’مائے لووز‘ اور مائے بوائز‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہیں۔
(اضافی رپورٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے)
© The Independent