دہلی انتخابات: عام آدمی پارٹی کو بی جے پی پر واضح برتری حاصل

بھارتی ’اخبار ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق عام آدمی پارٹی کو 56 نشستوں پر واضح برتری حاصل ہے اور بی جے پی 14 نشستوں پر فتح یاب ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق ابتدائی ٹرینڈز میں عام آدمی پارٹی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقابلے میں واضح اکثریت ملتی دکھائی دیتی ہے۔ (اے ایف پی)

بھارت کے دارالحکومت دہلی میں انتخابات کے بعد ووٹ گننے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ دہلی کے انتخابات میں بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور دہلی کی حکمران جماعت عام آدمی پارٹی کے درمیان مقابلہ تھا لیکن بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ابتدائی ٹرینڈز میں عام آدمی پارٹی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقابلے میں واضح اکثریت ملتی دکھائی دیتی ہے۔

اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن سے حاصل ہونے والی ابتدائی معلومات میں عام آدمی پارٹی کو 50 جبکہ بی جے پی کو 14 نشستوں پر برتری حاصل ہے اور حزب اختلاف کی جماعت کانگریس ابھی تک کسی نشست پر برتری حاصل نہیں کر سکی ہے۔

اس سے قبل دہلی میں 2015 میں ہونے والے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 67 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو صرف تین نشستوں پر کامیابی ملی تھی۔

’انڈیا ٹو ڈے‘ کے مطابق دہلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ ارویند کیجریوال کو اپنے مخالف پر چار ہزار تین سو ووٹوں کی برتری حاصل ہے، جبکہ ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بھی عام آدمی پارٹی کو 56 نشستوں پر واضح برتری حاصل ہے اور بی جے پی 14 نشستوں پر فتح یاب ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ تاہم ’دا ہندو‘ کے مطابق عام آدمی پارٹی کو 57 نشستوں پر برتری حاصل ہے اور بی جے پی 13 نشستوں پر برتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

دہلی انتخابات کے ابتدائی ٹرینڈز پر بھارتی صحافی ساگریکا گھوس کا کہنا تھا کہ ’عام آدمی پارٹی دہلی میں دوسری بار کلین سویپ کر رہی ہے۔ بھارتی جنتا پارٹی کی جارحانہ مہم کے باوجود عام آدمی پارٹی کی فتح ایک بڑی کامیابی ہے۔ ارویند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی مودی اور امت شاہ کی بی جے پی کو دوسری بار شکست دے رہی ہے۔‘

 

صحافی آرتی تکو سنگھ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’یہ بی جے پی اور کانگریس کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ نسلی اختلافات پر مبنی سیاست ووٹ نہیں دلوا سکتی۔ اس بارے میں ضرور سوچیے گا کہ عام آدمی پارٹی شاہین باغ کے مظاہرے سے دور رہی۔ بھارتی ووٹر عقل مند ہیں وہ ہمیشہ ترقی اور خوشحالی کے لیے ووٹ کرتے ہیں۔‘

 

خیال رہے کہ دہلی کے علاقے شاہین باغ میں دسمبر میں منظور ہونے والے متنازع قومی شہریت ایکٹ کے خلاف ہونے والا خواتین کا مظاہرہ کئی ہفتوں سے جاری ہے۔ مظاہرین میں بڑی تعداد مسلمانوں کی ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے اس مظاہرے کی مخالفت کی جا رہی ہے جبکہ ان کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے کہ کانگریس ان مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے سیاسی فائدہ لینے کی کوشش کر رہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا