پاکستان سپر لیگ فائیو کے ابتدائی میچز کراچی اور لاہور میں ہونے کے بعد اب ٹیموں نے راولپنڈی اور ملتان میں پڑاؤ ڈالا ہے۔
دونوں شہروں میں کل 11 میچز کھیلے جانے ہیں جن میں سے راولپنڈی سٹیڈیم میں آٹھ اور ملتان میں صرف تین میچز ہوں گے۔
بدھ 26 فروری یعنی آج ملتان میں پاکستان سپر لیگ کا پہلا میچ کھیلا جانے والا ہے، تو کیوں نہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم پر ایک نظر ڈالی جائے۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر جولائی 1999 میں شروع ہوئی اور یہ 2001 مکمل ہوا۔
25 ایکڑ محیط ملتان کرکٹ سٹیڈیم کے دس گیٹ ہیں اور اس میں 24 ہزار 8 سو 51 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں اب تک سات ون ڈے اور پانچ ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں۔
اس میدان پر پاکستان نے پہلا ٹیسٹ میچ 2001 میں ہی بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔
سٹیڈیم کو جدید تقاضوں کے عین مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔ یہاں فلڈ لائٹس، الیکٹرونک سکرین، سیٹیں اور معذور افراد کے لیے علیحدہ حصہ ہیں۔
اگر ملتان سٹیڈیم کو پاکستان کا خوبصورت ترین سٹیڈیم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، جس کی ایک وجہ اس کی ’لش گرین‘ آؤٹ فیلڈ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس میدان پر پاکستان اور بھارت کے درمیان یادگار ٹیسٹ میچ بھی کھیلا گیا تھا جس میں بھارتی بلے باز وریندر سہواگ نے ٹرپل سینچری سکور کی جو ان کے کیریئر کی بہترین اننگز رہی ہے۔
وریندر سہواگ نے اس میچ میں 309 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پی ایس ایل فائیو کے لیے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 12 فٹ اونچی دیوار بنا دی گئی ہے اور سکیورٹی پوسٹیں بھی بنائی گئی ہیں۔
ملتان سٹیڈیم میں پی ایس ایل کا پہلا میچ آج پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان شام سات بجے کھیلا جائے گا۔