دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی سکولوں کو نہ کھولے جانے کی صورت میں ان کے فنڈز روکنے کی دھمکی دے دی گئی ہے۔
کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا میں اب تک پانچ لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ گذشتہ تین روز کے دوران سامنے آنے والے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو دنیا بھر میں ایک دن کے دوران دو لاکھ بیس ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ جمعے کو دو لاکھ 25 ہزار اور ہفتے کو یہ تعداد دو لاکھ تیس ہزار رہی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جولائی کے آغاز سے اب تک تقریبا 25 لاکھ نئے کرونا کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ گذشتہ ڈیڑھ مہینے کے دوران دنیا بھر میں تصدیق شدہ کرونا کیسز کی تعداد دگنی ہو چکی ہے۔
دنیا بھر میں اب تک کرونا کیسز کی تعداد ایک کروڑ 27 لاکھ 36 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
امریکہ سب سے زیادہ 34 لاکھ کیسز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ برازیل میں سامنے آنے والے کرونا کیسز کی تعداد 18 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اسی طرح بھارت میں بھی کرونا کے ساٹھے آٹھ لاکھ کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
امریکہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 34 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ یورپ میں بھی ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ایک جانب ہر گزرتے دن کے ساتھ امریکہ میں کرونا کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا لیکن امریکی صدر ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ سکول کھولنے سے انکار کرنے والے سکولوں کی فنڈنگ روک دی جائے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سکولوں کو مکمل طور پر کھول دیا جائے۔
انہوں نے وفاقی محکمہ صحت سے نئی گائیڈ لائنز جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
کچھ امریکی ریاستوں کی جانب سے سکول کھولنے سے قبل نئی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ابھی تک اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ سکولوں کے منتظمین وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان پر عمل کرنے کے لیے کوئی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
سکولوں کی جانب سے کئی ممکنہ آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے جن کے تحت سکولوں کو کھولنے سے لے کر کلاسز کی آن لائن منتقلی شامل ہیں۔