انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر بائیو سکیورٹی کی خلاف ورزی پر ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کردیے گئے ہیں۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے جمعرات کی صبح ایک اعلامیہ میں کہا کہ جوفرا آرچر بائیو سکیورٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کی پاداش میں مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق جب ٹیم ساؤتھ ہیمپٹن سے مانچسٹر سفر کررہی تھی تو آرچر نے برائٹن میں اپنے فلیٹ میں مختصر سٹاپ اوور کیا تھا جو کہ مروجہ اصولوں کے خلاف ہے اور کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کے اختتام تک کسی سے نہیں مل سکتے اور نہ کہیں قیام کرسکتے ہیں ۔
اس سٹاپ اوور کی نشاندہی اس جی پی ایس آلے کے ذریعے ہوئی جو کھلاڑیوں کے ایکریڈیشن کارڈز میں پوشیدہ ہے اور اس آلے سے کھلاڑیوں کی نقل وحرکت اور جسمانی حالت ایک مرکزی نظام میں محفوظ کی جاتی ہے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے آرچر کی جگہ کسی اور کھلاڑی کی شمولیت کا اعلان نہیں کیا ہے جبکہ جیمز اینڈرسن اور مارک ووڈ پہلے ہی اس ٹیسٹ سے دستبردار ہوچکے ہیں۔
جوفرا آرچر کی اس حرکت سے انگلینڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی ہے جو ایک ٹیسٹ کے خسارے سے پہلے ہی دوچار ہے۔
توقع ہے کہ کرس ووکس کو آرچر کی جگہ کھلایا جائے۔
جوفرا آرچر نے اپنی اس حرکت پر شائقین اور اپنے مداحوں سے معافی مانگی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی اس غلطی کو ناقابل معافی قرار دیتے ہوئے معزرت کی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انھیں اس بات کا سخت دکھ ہے کہ ان کی اس نادانی سے پوری ٹیم مشکل میں آگئی ہے اور ان کے لیے ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے کا درد ناقابل بیان ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
واضح رہے کہ جوفرا آرچر گذشتہ ٹیسٹ میں صرف تین وکٹیں لے سکے تھے اور اپنی بولنگ پر تنقید کا نشانہ بھی بنے تھے کہ انھوں نےاپنی صلاحیت کے مطابق بولنگ نہیں کی تھی۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے فوری طور پر آرچر کو پانچ دن کے لیے آئسولیشن میں رہنے کا کہنا ہے۔