ایک متاثرہ شخص کے گرجا گھر آنے سے 91 افراد کرونا وائرس کا شکار

ایک نیوز بریفنگ میں امریکہ کی ریاست اوہائیو کے گورنر نے تصاویر کے ذریعے دکھایا کہ کیسے وائرس ایک متاثرہ شخص سے کئی اور لوگوں میں 'آگ کی طرح پھیلا۔'

کولمبیا کے ایک چرچ میں عبادت گزار سماجی دوری رکھتے ہوئے (اے ایف پی)

امریکی ریاست اوہائیو میں گرجا گھر کی ایک سروس میں جانے والے کرونا (کورونا) وائرس سے متاثرہ شخص سے ریاست کی پانچ کاؤنٹیوں میں 91 دوسرے افراد میں وائرس منتقل ہونے کے بعد اوہائیو کے گورنر نے چرچ جانے والوں کو ماسک پہننے کے لیے کہا ہے۔

گورنر مائیک ڈیوائن نے اپنے فیس بک پیج پرانفیکشن کے پھیلاؤ کو ظاہر کرنے والی ایک پوسٹ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ چرچ سروس سے 14 جون سے چار جولائی تک وائرس کس طرح پھیلا۔ گورنر نے لکھا: 'صرف ایک شخص کی وجہ سے کووڈ 19 کی بیماری بڑے پیمانے پر پھیلی۔'

ڈیوائن نے زور دیا ہے کہ حالانکہ اس کیس میں بیماری چرچ سے پھیلی لیکن ایسا کہیں بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا: 'میں سب پر زور دے رہا ہوں کہ ماسک لگائیں اور جہاں کہیں اکٹھے ہوں سماجی دوری اختیار کریں۔ اس میں عبادت کی سروسز بھی شامل ہیں۔'

منگل کو ایک نیوز بریفنگ کے دوران، جہاں پریشان کر دینے والے گرافکس دکھائے گئے، گورنر نے کہا کہ 'یہ جنگل کی آگ کی طرح پھیلا 'اور 'بہت، بہت خوفناک' تھا۔ ان کا کہنا تھا: 'ہم جانتے ہیں کہ ہمارے مذہبی پیشوا عبادت کے لیے آنے والوں کے تحفظ سے بڑھ کر کچھ نہیں چاہتے۔ ہم مذہبی برادریوں کو ڈاکٹروں اور صحت کے ماہرین کی جانب سے تمام معلومات فراہم کرنا چاہتے ہیں تا کہ ان کے پاس مذہبی سروسز کے محفوظ انعقاد کے لیے لوازمات موجود ہوں۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ریاست عبادات کو کرونا وائرس سے متعلق ضوابط سے مستثنیٰ قرار دینے سے گریز کر رہی ہے تاہم اب اوہائیو کی جانب سے عبادت کرنے والوں کہا جا رہا ہے کہ وہ چرچ میں ماسک پہنیں۔ اوہائیو کے محکمہ صحت کے ترجمان نے وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بننے والے چرچ کا نام بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کی نجی معلومات کا تحفظ ضروری ہے۔

امریکی ٹیلی ویژن این بی سی کی رپورٹ کے مطابق خاتون ترجمان نے مزید کہا کہ وہ لوگ جو وائرس سے متاثرہ افراد کے ساتھ رابطے میں آ چکے ہیں انہیں کانٹیکٹ ٹریسنگ کے ذریعے اطلاع کر دی گئی ہے۔ گرافکس کے ذریعے دکھایا گیا کہ ایک متاثرہ شخص کتنے بڑے پیمانے پر کرونا وائرس پھیلا سکتا ہے۔ چرچ میں ہونے والی عبادت میں موجود 53 افراد بیمار ہوئے اور ان میں سے 18 نے کم از کم ایک شخص کو بیمار کیا۔

گورنر ڈیوائن نے کہا کہ تمام 91 متاثرہ افراد میں وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں۔ ڈیوائن نے اس ہفتے کے شروع میں برادری کی سطح پر وائرس کی منتقلی کی تازہ مثالیں بھی شیئر کی۔ انہوں نے ایسے کیسوں کی تفصیل دی جن میں وائرس خاندان کے افراد اور دوستوں کے درمیان منتقل ہوا۔ ان میں شادی کی ایک تقریب اور برائیڈل شاور (دلہن کو تحائف دینے کی تقریب) شامل ہیں۔

ڈیوائن نے ٹوئٹرپر لکھا: 'بلاشبہ ہم سے کوئی بھی اپنے خاندان سے دور نہیں رہنا چاہتا۔ جب آپ خاندان کے لوگوں کو دیکھتے ہیں تو محبت کا اظہار قدرتی عمل ہے لیکن یہ وائرس چھپ کر بیٹھتا ہے۔ براہ کرم یاد رکھنے کی کوشش کریں آپ انہیں تحفظ فراہم کرکے محبت اظہار کر رہے ہیں۔' اوہائیو میں 96 ہزار سے زیادہ افراد میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ