عاصم باجوہ کے احتساب سے سی پیک کو کچھ نہیں ہوگا: مریم نواز

مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان فوج کے سابق ترجمان لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اپنے اہل خانہ کے بیرون ملک کاروبار کے حوالے سے سامنے آنے والی ایک خبر کی مکمل وضاحت کریں۔

مریم نواز نے ایک مرتبہ پھرالزام لگایا کہ ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں  (اے ایف پی)

اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان فوج کے سابق ترجمان اور ان دنوں سی پیک اتھارٹی کے سربراہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ قوم کے سامنے اپنے اہل خانہ کے بیرون ملک کاروبار کے حوالے سے سامنے آنے والی ایک خبر کی مکمل وضاحت کریں۔

منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس کے سلسلے میں احتساب عدالت کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے بعد احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ قانون کے سامنے نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، عمران خان، عاصم سیلم باجوہ، میر شکیل الرحمٰن، قاضی فائز عیسیٰ یا سرینا عیسیٰ سب برابر ہیں۔

مریم نواز نے کہا: 'محاورہ ہے کہ کھودا پہاڑ نکلا چوہا، ہمارا تو چوہا بھی نہیں نکلا لیکن ہم نے ایک نہیں، دو نہیں، تین تین سزائیں کاٹی ہیں۔ اب اگر ان (عاصم باجوہ) کے خلاف ثبوت آئے ہیں تو گھبرائیں نہیں بلکہ قانون کا سامنا کریں۔'

انہوں نے کہا کہ 'وزیراعظم عمران خان کہا کرتے تھے کہ نواز شریف بیرون ملک چلے گئے، فلاں کو ضمانت ملی اور عدالت نے ریلیف دیا۔ اب میں عمران خان اور ان کی حکومت سے سوال کرتی ہوں کہ عاصم سلیم باجوہ کے خلاف تو الزام ثبوتوں کے ساتھ ہیں، اب ان کا احتساب کا نظریہ کیا غار میں سو رہا ہے۔'

سی پیک اتھارٹی کے سربراہ عاصم باجوہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ 'نواز شریف سی پیک میں 60 ارب کی سرمایہ کاری لائے، انہیں محض ایک اقامے پر معزول کردیا گیا لیکن سی پیک کو کچھ نہیں ہوا۔ ایک فرد کے احتساب سے سی پیک کو کچھ نہیں ہو گا۔ اس معاملے کے بعد عمران خان اپنے احتساب کے بیانیے کے کفن دفن کا انتظام کر لیں۔'

انہوں نے کہا کہ عاصم باجوہ کے خلاف آرٹیکل لکھنے والے صحافی احمد نورانی کو 'دھمکیاں' نہیں دینی چاہییں بلکہ اپنی رسیدیں پیش کریں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے صحافی احمد نورانی کی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کے خاندان کے کاروبار کے بارے میں ایک رپورٹ آنے کے بعد سے میڈیا پر تند و تیز بحث کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

’فیکٹ فوکس‘ نامی ویب سائٹ پر جاری کردہ تفصیلی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنرل (ر) عاصم باجوہ کی اہلیہ اور بھائیوں کے بیرونِ ملک کروڑوں ڈالرز کے اثاثے ہیں۔ تاہم جنرل باجوہ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس رپورٹ کی تردید کی تھی۔

میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے ایک مرتبہ پھر الزام لگایا کہ ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے جبکہ ان کے پاس کبھی کوئی سرکاری عہدہ نہیں رہا۔ 'نواز شریف اور ان کی بیٹی جھوٹی سزائیں بھگت سکتے ہیں، بغیر سرکاری عہدہ رکھے ان کی بیٹی دو دفعہ جیل میں رہ سکتی ہے، نواز شریف کی بیٹی ڈیتھ سیل میں رہ سکتی ہے جبکہ نواز شریف موت کے منہ میں پہنچ جاتا ہے پھر بھی قانون کے سامنے سرینڈر کرتا ہے۔'

سابق وزیراعظم کی واپسی کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ 'ان کا علاج جیسے ہی مکمل ہو گا اور حالت خطرے سے باہر ہوگئی تو وہ پہلے دن ہی واپس آجائیں گے۔'

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست