آئندہ ماہ لاہور میں سموگ کی ممکنہ شدت کی اطلاعات موصول ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور میں شیڈول آئندہ میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کردیا ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز میں شامل تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز اب راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچز اب کراچی میں ہوں گے۔
اس حوالے سے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا: ’ہم گذشتہ چند ہفتوں سے موسم کی بدلتی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے اور جونہی ہمیں لاہور میں آئندہ ماہ سموگ کی شدت میں اضافے کی معلومات ملیں تو ہم نے کھلاڑیوں کی صحت پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے فوری طور پر ان میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وسیم خان نے کہا کہ ’پی سی بی کو افسوس ہے کہ لاہور کو مسلسل دوسری مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پلے آف میچز کی میزبانی نہیں مل رہی مگر ہمارے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت سب سے عزیز ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ زمبابوے کرکٹ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائزز نے ہمارے فیصلے کو تسلیم کیا ہے۔‘
دوسری طرف نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر نے فیصلہ کیا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے بعد کھلاڑیوں کو بریک دیا جارہا ہے۔
20 نومبرسے شروع ہونے والے چوتھے راؤنڈ کے لیے واپسی پر کھلاڑیوں کے پہلے کووڈ 19 ٹیسٹ ان کے گھروں اور دوسرے سینٹرل سٹیشن پر ہوں گے۔