چار سالہ بچے کی ماں اور باپ سو دن کے اندر کرونا سے ہلاک

’وہ اپنی ماں کی کمی محسوس کرتا ہے، آج صبح ہی اس نے مجھ سے کہا کہ کاش اس کی ماں واپس آ جاتی۔ وہ بس ماں کی واپسی چاہتا ہے۔‘

امریکہ میں چار سالہ بچہ کرونا (کورونا) وائرس کی وجہ سے 100 دن میں ماں باپ دونوں سے محروم ہوگیا۔

بچے کا خاندان دکھ کی اس گھڑی میں اس کی ایسی سالگرہ منانے کا منصوبہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے جسے بھلایا نہ جا سکے۔

جون میں ریڈن گونزالیز کے والد ایڈان کرونا وائرس میں مبتلا ہو کربیمار پڑ گئے۔ اس سے پہلے ان کے ایک ساتھی کارکن کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انٹونیوسے تعلق رکھنے والے ایڈن کوجلد ہی ہسپتال داخل کروا دیاگیا۔ وائرس کی وجہ سے 26 جون کو 33 برس کی عمر میں  وہ چل بسے۔

چار سالہ لڑکے کی نانی روزی سلینز نے امریکی ٹیلی ویژن چینل این بی سی نیوز سے بات چیت کی ہے۔ اس دوران ریڈن کی ماں، ماریہ، جو خاوند کو کھو دینے پر شدید غم زدہ تھیں، وہ بھی بیمار ہو گئیں۔

سلینز نے بتایا کہ بیمار ہونے کے چند گھنٹے بعد لڑکے کی والدہ بھی پانچ اکتوبرکو اچانک چل بسیں۔ بعد میں ہسپتال کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

خاندان کے ایک اور فرد کے مطابق والدین کی اچانک موت ریڈن کے لیے بہت تکلیف دہ تھی، وہ اپنی نانی سے اکثر کہتا ہے کہ اسے ماں واپس چاہیے۔

سلینز نے ٹیلی ویژن چینل کو بتایا: ’وہ اپنی ماں کی کمی محسوس کرتا ہے، آج صبح ہی اس نے مجھ سے کہا کہ کاش اس کی ماں واپس آ جاتی۔ وہ بس ماں کی واپسی چاہتا ہے۔‘

’میرا مطلب ہے کہ میں اسے کیا بتاؤں؟ آپ جانتے ہیں؟ بس میں نے اسے یہ بتایا کہ اب فرشتے ہمیں دیکھ رہے ہیں اور ہماری حفاظت کر رہے ہیں۔‘

ریڈن کی سالگرہ اس ماہ 28 نومبر کو آ رہی ہے۔ ان کی نانی کو امید ہے کہ وہ گاڑیوں کے جھرمٹ میں انہیں سیر کروا کے ان کی زندگی میں تھوڑی سے خوشی لا سکیں گی۔

 ڈائنوسار تھیم کے ساتھ آنے والی اس سالگرہ کے بارے میں ان کا کہنا تھا ’ کئی ٹرک چلانے والوں، شوقین بائیکرز، مسل گاڑیوں کے مالکان، کلاسک کار والوں اور جیپ کلبزسمیت فائر ڈیپارٹمنٹ نے بھی اس سالگرہ میں شرکت کی حامی بھری ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سلینز نے یہ بھی بتایا کہ وہ کرسمس کے بعد اپنی بیٹی اور داماد کی یاد میں بھی تقریب کے اہتمام کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں جس کا اہتمام ماریہ اپنے خاوند کے لیے کرنا چاہتی تھیں لیکن کبھی نہ کر پائیں۔

ٹیلی ویژن چینل نیوز۔4 سے بات چیت میں سلینز نے کہا کہ وہ ریڈن کو یہ بتانے کے لیے پارٹی کا اہتمام کر رہی ہیں کہ ہر سال ان  کی سالگرہ ایسے ہی دھوم دھام سے منائی جائے گی۔

ایسے حالات میں کہ جب غم سے نمٹنا مشکل کام ہے، سلینز نے کہا کہ ان کا نواسہ ان کی ہمت بندھاتا ہے۔

سلینز نے کہا: ’اسی کی کی وجہ سے میں زندہ ہوں۔ وہ مسلسل اور دوستانہ انداز میں مجھے یاد دلاتا رہتا ہے کہ وہ مجھ سے کتنی محبت کرتا ہے۔ اپنا خیال رکھنے پہ وہ ہمیشہ مجھے محبت سے دیکھتا ہے۔ اس صورت حال سے نمٹنا مشکل ہے۔‘

ریڈن کے خاندان نے ان کے لیے ’گو فنڈ فار می‘ کے نام سے رقم اکٹھی کرنے کا ایک پلیٹ فارم بھی قائم کیا ہے۔

کرونا وائرس کی وبا شروع ہونے کے بعد سے ٹیکساس میں 20 ہزار سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ