ولیمسن کے دو کیچ ڈراپ کرنے کا مطلب ایک بڑا سکور

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن میزبان ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لیے ہیں۔ 

پہلے دن کھیل جب ختم ہوا تو کپتان کین ولیمسن 94 اور نکولس 42 رنز پر کریز پر موجود تھے (اے ایف پی)

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن میزبان ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لیے ہیں۔ 

پہلے دن کھیل جب ختم ہوا تو کپتان کین ولیمسن 94 اور نکولس 42 رنز پر کریز پر موجود تھے۔

ماؤنٹ مانگنوئی کے بے اوول میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور چار فاسٹ بولرز کے ساتھ گراؤنڈ میں اترے۔

پاکستان ٹیم نے اس میچ کے لیے چھٹے بیٹسمین کی جگہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو شامل کیا ہے۔

وکٹ پر گھاس اور ہوا میں نمی کے باعث ٹاس کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی تھی جس کا فائدہ پاکستان نے ٹاس جیت کر اٹھایا۔

شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ان فارم بلے باز ٹام لیتھم کو جب چار رنز پر گلی میں اظہر علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا تو رضوان کا پہلے بولنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔

دوسرے اوپنر ٹام بلنڈل بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے کیونکہ شاہین شاہ بہت اچھی بولنگ کررہے تھے۔ وہ پانچ رنز بنا کر شاہین کی گیند پر سلپ میں یاسر شاہ کے ہاتھوں ایک خوبصورت کیچ پر آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ 13 رنز پر دو وکٹ کھو کر سخت دباؤ میں لگ رہا تھا اور پاکستانی بولرز کے حوصلے بہت بلند، تاہم تجربہ کار راس ٹیلر اور کپتان کین ولیم سن کی محتاط بیٹنگ نے ٹیم کو مشکلات سے نکال لیا۔ دونوں بلے بازوں کی 120 رنز کی تیسری وکٹ کی پارٹنرشپ کیویز کو میچ میں واپس لے آئی۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ بھی شاہین شاہ کے حصے میں آئی جب راس ٹیلر ایک باہر نکلتی گیند سے خود کو بچا نہیں پائے اور محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری طرف سے کین ولیمسن صبر اور مکمل توجہ سے بیٹنگ کرتے رہے۔ انھوں نے شاہین شاہ کی خطرناک بولنگ کا بخوبی مقابلہ کیا اور اعتماد سے کھیلتے ہوئے دن کے اختتام تک 94 رنز بنا لیے۔

ان کے ساتھ ہینری نکولس 42  رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جن کا ان کی اننگز کے آغاز پر ہی نسیم شاہ کی گیند پر محمد عباس نے ایک آسان کیچ چھوڑ دیا۔

پاکستان کی طرف سے واحد کامیاب بولر شاہین شاہ رہے جنھوں نے 55 رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ باقی تمام بولرز کیویز کے لیے کوئی خاص مشکلات نہ پیدا کر سکے۔

فیلڈنگ آج غیر معیاری رہی محمد عباس نے ایک اور حارث سہیل نے دو آسان کیچ ڈراپ کیے۔ کین ولیم سن جیسے بلے باز کے دو کیچ ڈراپ کرنے کا مطلب ایک بڑے سکور کا موقع دینا ہے۔

پاکستان کی ٹاس جیتنے کی خوش  قسمتی بھی  زیادہ کام نہ آسکی کیونکہ ایک گرین وکٹ پر شاہین شاہ کے علاوہ دوسرے فاسٹ بولرز توقعات کے مطابق بولنگ نہ کرسکے۔ اگرچہ محمد عباس اور نسیم شاہ نے اچھی بولنگ کی لیکن کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں کرسکے۔

میچ کے دوسرے دن پاکستان کی کوشش ہوگی کہ نیوزی لینڈ کو بڑا سکور کرنے نہ دے ورنہ پاکستان بیٹنگ دباؤ میں آسکتی ہے جو پہلے ہی بابر اعظم کی غیر موجودگی میں ایک مستند بلے باز کی کمی کا شکار ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ