عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے افغانستان کے لیے کرونا (کورونا) وائرس کی ویکسین کی فراہمی کے لیے 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے وعدے کے بعد طالبان نے افغانستان میں ویکسینیشن مہم کی حمایت کر دی ہے۔
عسکریت پسند تنظیم کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گروپ ملک میں مراکز صحت کے ذریعے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم کی ’حمایت اور اس میں معاونت‘ کے لیے تیار ہے۔ افغان حکام کا ماننا ہے کہ عسکریت پسند ویکسینیشن ٹیموں کو نشانہ نہیں بنائیں گے کیونکہ یہ ٹیمیں گھر گھر نہیں جائیں گی۔
ویکسینیشن مہم کے لیے عالمی فنڈز کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ صحت کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ پروگرام کے تحت ملک کی تین کروڑ80 لاکھ کی آبادی میں سے 20 فیصد سے زیادہ لوگوں کو کرونا ویکسین دی جائے گی۔
حکومت اور طالبان کے درمیان ستمبر سے مذاکرات شروع ہیں مگر تسلسل کے ساتھ تشدد کا ماحول بھی جاری ہے۔ ویکسینیشن پروگرام کا آغاز بھی اس تشدد کی لہر کے دوران ہی ہوگا۔
افغانستان کے نائب وزیر صحت وحید مجروح نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف ویکسین حاصل کرنے میں چھ ماہ کا وقت لگنا تھا لیکن حکام اس سے پہلے ہی ویکسین لینے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
افغانستان میں کرونا وائرس کے رجسٹرز مریضوں کی تعداد 54854 ہے جب کہ 2390 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ کے شکار ملک میں کم ٹیسٹوں اور صحت کی سہولتوں تک محدود رسائی کی وجہ سے ممکنہ طور پر وائرس کے کیسوں کی بہت کم تعداد رپورٹ ہوئی ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے اپنے کوویکس پروگرام کے تحت افغانستان کو 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ کوویکس کے عالمی منصوبے کے تحت غریب اور کم آمدن والے ملکوں کے شہریوں کے لیے ویکسین دستیاب کی جائے گی۔ پروگرام کے تحت 2021 کے اختتام تک 91 غریب اور کم آمدن والے ملکوں میں خطرے سے سب سے زیادہ دوچار لوگوں میں سے 20 فیصد کو ویکسین لگائی جائے گی۔
کوویکس پروگرام کے علاوہ بھارت نے بھی افغانستان کو آسٹرازینیکا کی ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ افغان وزار ت صحت میں امیونائزیشن کے توسیعی پروگرام کے سربراہ دستگیر نذری نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ بھارت میں تیار ہونے والی ویکسین جلد افغانستان پہنچ جائے گی۔