زارا محمد برطانیہ کی مسلم کونسل کی پہلی خاتون سیکرٹری جنرل منتخب

گلاسگو سے تعلق رکھنے والی زارا محمد انسانی حقوق کے قوانین میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتی ہیں انہوں نے اپنے حریف کو 64 فیصد ووٹوں سے شکست دی۔

29 سالہ زارہ ایم سی بی سے منسلک تمام تنظیموں سے انتخاب کے بعد منتخب ہوئیں۔ (تصویر: زارا محمد ٹوئٹر)

برطانیہ کی مسلم کونسل (ایم سی بی) نے زارا محمد کو اپنی تاریخ کی پہلی خاتون سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا ہے۔

29 سالہ زارا کو ایم سی بی سے منسلک تمام تنظیموں سے انتخابات کے بعد منتخب کیا گیا۔

وہ ہارون خان کی جگہ سیکرٹری جنرل بنی ہیں جن کی چار سالہ مدت ختم ہوگئی ہے۔

’عرب نیوز‘ کے مطابق زارا نے اپنے حریف سیاست دان اور امام اجمل مسرور کے خلاف 64 فیصد ووٹوں سے برتری حاصل کی۔

گلاسگو سے تعلق رکھنے والی زارا محمد انسانی حقوق کے قوانین میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتی ہیں اور اس سے قبل ایم سی بی کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل رہ چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا: ’میرا ویژن کے کہ ایک جامع ، متنوع اور نمائندہ ادارہ قائم کرنے پر کام جاری رہے۔ ایک ایسا ادارہ جو عام مفاد اور برطانوی مسلمانوں کی ضروریات کے لیے کارگر ہو۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’پہلی خاتون سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب ہونا ایک اعزاز کی بات ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ اس سے متاثر ہو کر مزید نوجوان اور خواتین قائدانہ کے کرداروں میں سامنے آئیں۔ وہ اس ادارے اور معاشرے کا مستقبل ہیں۔‘

زارا محمد نے کہا: ’خواتین کبھی کبھی قائدانہ کردار سے ہچکچاتی  ہیں حالانکہ وہ اس کے لیے اہل ہوتی ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم نوجوانوں کو، اور خواتین کو اپنے ادارے کے کام میں اور زیادہ شامل کریں اور ادارے میں تنوع لائیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی مسلم کمیونٹی خواتین اور نوجوان ایسے وقت میں سامنے آئے  ہیں جب کرونا (کورونا) وائرس کی وبا نسلی اقلیتوں پر زیادہ اثر انداز ہوئی ہے اور جب برطانیہ میں ’بہت زیادہ اسلامو فوبیا ہے۔‘  

ان کا کہنا تھا کہ اس سب سے نمٹنے کے لیے ایم سی بی نے رہنمائی کا کردار ادا کیا ہے، مگر ابھی مزید کرنے کی ضرورت ہے۔

نئی سیکرٹری جنرل کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہارون نے کہا: ’اکثریتی ووٹ سے زارا کا منتخب ہونا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے اراکین کو ان پر بھروسہ ہے کہ وہ ادارے کی رہنمائی کر سکتی ہیں۔‘

برطانیہ کے اہم مسلم سیاست دان اور لندن کے پہلے مسلم میئر صادق خان نے کہا: ’میں زارا محمد کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں - وہ اس تنظیم کو ملک بھر میں ہماری برادریوں کی بہتری اور انہیں مزید بلندیوں تک لے جانے کا کام جاری رکھیں۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین