کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب بنگلہ دیش میں لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے باعث قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش ملتوی ہوگیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے لاہور سے جاری ایک بیان کے مطابق ابتدائی طور پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایک چار روزہ اور 50 اوورز پر مشتمل پانچ میچز کھیلنے کے لیے11 اپریل کو ڈھاکہ روانہ ہونا تھا تاہم بنگلہ دیش میں لاک ڈاؤن لگنے کے باعث روانگی میں چھ روز کی تاخیر کی گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے باوجود کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی نہ آنے کی وجہ سے بنگلہ دیش کی حکومت نےملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، لہٰذا ٹور کوغیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
دونوں کرکٹ بورڈزاب کورونا وائرس کی صورت حال میں بہتری آنے پر باہمی مشاورت سے دورے کی نئی تاریخوں کا اعلان کریں گے۔
دورے کی تیاریوں کی غرض سے لاہور میں جاری قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بھی فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔