عروج ممتاز کے قائم مقام سربراہ برائے خواتین کرکٹ کی اضافی ذمہ داریاں چھوڑنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز کرکٹ کے فل ٹائم سربراہ کی تلاش کا آغاز کر دیا ہے۔
لاہور میں جاری ایک بیان کے مطابق تقرری کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد اس عہدے پر تعینات ہونے والے امیدوار کو ویمنز کرکٹ کے فروغ کے لیے قلیل اور کثیر مدتی منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔
وہ نچلی سطح سے لے کر اعلیٰ سطحی ویمنز کرکٹ کی ترقی کے ساتھ ساتھ کرکٹ ایسوسی ایشنز اور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز پر مشتمل ایک پراثر ڈومیسٹک سٹرکچر بنانے کے لیے حکمت عملی بنانے کا بھی ذمہ دار ہوگا۔
اس عہدے پر موجود ذمہ دار کو ویمنز کرکٹ کے فیوچر ٹؤرز پروگرام کو حتمی شکل دینا ہوگی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل، قومی خواتین کرکٹ کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز ستمبر 2019 سے اس عہدے کی اضافی ذمہ داریاں نبھا رہی تھیں۔
عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ ویمنز کرکٹ کی قائم مقام سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے پر وہ بہت خوش ہیں۔ ’قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور کھلاڑی کی حیثیت سے میں نے خواتین کرکٹ میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔‘
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر قومی خواتین کرکٹ ایک درست سمت میں گامزن ہے اور وہ قومی خواتین کرکٹ کی چیف سلیکٹر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہیں گی، اس دوران وہ خواتین کرکٹ کے نئے سربراہ کے ساتھ مل کر خواتین کرکٹ کے موجودہ پول میں اضافے کے ساتھ ساتھ باصلاحیت کرکٹرز کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کی کوشش کریں گی۔