ای پاسپورٹ سے اسرائیل کا نام ’نکالنے‘ پر بنگلہ دیش کی وضاحت

بنگلہ دیش نے وضاحت کی ہے کہ اسرائیل کے سفر پر پابندی برقرار ہے تاہم بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے  صرف’ای پاسپورٹ‘ میں تبدیلی کی گئی ہے۔

بنگلہ دیش میں اسرائیل مخالف ریلیوں کا انعقاد کیا گیا تھا (اے ایف پی/ فائل فوٹو)

بنگلہ دیش نے وضاحت کی ہے کہ اسرائیل کے سفر پر پابندی برقرار ہے تاہم بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے صرف ’ای پاسپورٹ‘ میں تبدیلی کی گئی ہے۔

گذشتہ روز سے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بنگلہ دیش نے اپنے شہریوں کے لیے اسرائیل کے سفر پر پابندی ختم کر دی ہے اور اس بارے میں پاسپورٹ پر درج الفاظ بھی تبدیل کر دیے ہیں۔

تاہم بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں اس کی وضاحت کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ ’یہ غلط فہمی ای پاسپورٹ کی نئی بک لیٹ سے پیدا ہوئی ہے جس میں ’تمام ممالک سوائے اسرائیل‘ کے الفاظ نہیں ہیں۔‘

بنگلہ دیش کی نیوز ویب سائٹ بی ڈی نیوز 24 نے بھی گذشتہ روز وزیر داخلہ اسدالزمان خان کمال کا ایک بیان رپورٹ کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ایسا بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، اور اس سے خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔‘

تاہم ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’کوئی بھی ملک اب یہ الفاظ استعمال نہیں کرتا، کسی بھی ملک کے سفر کے لیے ویزہ درکار ہوتا ہے۔‘

وزارت خارجہ کے بیان میں بھی اس کی وضاحت کرتے ہوئے یہی کہا گیا ہے کہ ’ان الفاظ کو اس لیے نکالا گیا ہے تاکہ بنگلہ دیش کے ای پاسپورٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق برقرار رکھا جا سکے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ بنگلہ دیش کی مشرق وسطیٰ کے بارے میں خارجہ پالیسی میں تبدیلی کی گئی ہے۔‘ 

 بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بنگلہ دیشی پاسپورٹ رکھنے والوں پر اسرائیل کا سفر کرنے کی پابندی برقرار ہے۔‘

’بنگلہ دیش کی حکومت اسرائیل کے معاملے پر اپنی پوزیشن سے پیچھے نہیں ہٹی اور بنگلہ دیش اس حوالے سے اپنی پوزیشن پر ثابت قدم ہے۔‘

بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے اسرائیل کی غزہ پر پرتشدد کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے خلاف دیگر ممالک کی طرح بنگلہ دیش میں بھی ایک بڑی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا