پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان جمیکا میں کھیلا جانے والا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میزبان ٹیم نے ڈک ورتھ لوئس سٹرن میتھڈ ( ڈی ایل ایس) کے تحت سات رنز سے جیت لیا ہے۔ میچ 18 اوورز مکمل ہونے پر روکنا پڑا۔ اس وقت تک گرین شرٹس نے 126 رنز کے تعاقب میں چھ وکٹوں کے نقصان پر103 بنائے۔
اننگز کی خاص بات ندا ڈار اور سدرہ نواز کے درمیان 42 رنز کی پارٹنر شپ تھی۔ عالیہ ریاض نے17 اور فاطمہ ثنا نے آٹھ رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی اننگز چوتھے اوور میں اس وقت روکنی پڑی جب ویسٹ انڈیز کی کھلاڑی شینل ہنری مڈ آف پر فیلڈنگ کرتے ہوئے بے ہوش ہو گئیں، بعد ازاں شیڈین نیشن بھی بیمار پڑگئیں، جس کے بعد دونوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان جویریہ خان کا کہنا تھا کہ ’پوری پاکستانی ٹیم کے جذبات شینل ہنری اور شیڈین نیشن کے ساتھ ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔ ہمیں امید ہے کہ ہم اتوار کو ہونے والے اگلے میچ میں ان کے خلاف کھیلیں گے۔ ایسے واقعات افسوس ناک ہوتے ہیں جو پوری ٹیم کو ہلا کر رکھ دیتے ہیں۔ ہم ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو سلام پیش کرتے ہیں کہ اس نے حوصلہ برقرار رکھا اور سنگین واقعے کے باجود میچ مکمل کیا۔‘
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی کپتان سٹیفنی ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، تاہم گرین شرٹس کی سخت لائن اینڈ لینتھ بولنگ نے ویسٹ انڈیز کو چھ وکٹوں کے نقصان پر125 رنز تک محدود رکھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ویسٹ انڈیز کی اوپنرز نے شروع کے چار اوورز میں 34 رنز بنائے۔ ٹیم کو ایک مضبوط پارٹنر شپ کی توقع تھی لیکن پاکستانی کپتان جویریہ خان نے بولر فاطمہ ثنا کو آگے لے آئیں۔انہوں نے پہلی گیند پر ڈینڈرا ڈوٹن کو آؤٹ کر دیا، جنہوں نے 17 رنز بنائے تھے۔ اس اہم ناکامی نے میزبان ٹیم کے رن ریٹ کو نیچے لانے میں بڑا کردار ادا کیا اور ٹیم نے اگلے نو اوورز میں 34 رنز بنائے۔
ندا ڈار نے، جنہوں نے اپنے پہلے میچ میں ٹی ٹوئنٹی میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا، اگلے اوورز میں ہیلی میتھیوز کو نو رنز پر آؤٹ کر دیا۔ نویں اوور میں فاطمہ ثنا نے ویسٹ انڈیز کی کپتان سٹیفنی ٹیلر کو آؤٹ کرکے بڑی کامیابی حاصل کی۔ اس طرح نو رنز پر ویسٹ انڈیز کی تین بلے باز آؤٹ ہو چکی تھیں۔ فاطمہ نے اپنے چار اوورز میں 16 ڈاٹ بالز کروائیں اور 18 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ ندا کی 17 گیندوں پر مخالف ٹیم کوئی رن نہ بنا سکی۔ انہوں نے 16 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔
پانچویں وکٹ کے لیے نیشن اور کاسیا نائٹ کے درمیان 32 رنز کی پارٹنر شپ ویسٹ انڈیز کو ایک بارپھر مقابلے میں لے آئی، تاہم انعم امین نے دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ نائٹ کو پلیئر آف دا میچ قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی کل اتوار کو سر ویوین رچرڈز سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔