’70 سالوں میں 50 ہزار لوگ پاکستان میں داخل ہو کر لاپتہ ہو گئے‘

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک جانے کے خواہش مند تقریباً چار ہزار پاکستانی طورخم بارڈر پر پھنسے ہوئے ہیں، این سی او سی اور دیگر متعلقہ اتھارٹیز سے بات کروں گا کہ ان کی واپسی میں سہولت پیدا کی جائے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید  احمد نے بتایا کہ آن لائن ویزا سروس بھی  شروع کردی گئی ہے (فائل فوٹو:  اے ایف پی)

وزارت داخلہ نے پاکستان میں موجود تمام غیر ملکیوں کو رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ طورخم بارڈر پر پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جمعرات کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا: ’یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں موجود تمام غیر ملکیوں کو رجسٹر کیا جائے گا، جعلی افغان ویزے رکھنے والے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، 70 سالوں میں 40 سے 50 ہزار لوگ پاکستان میں داخل ہوئے اور لاپتہ ہوگئے، ان کا کوئی ریکارڈ نہیں لیکن اب ہر غیر ملکی کو رجسٹر کیا جائے گا۔‘

وزیر داخلہ نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا سلسلہ شروع ہوتے ہی ملک میں طالبان جنگجوؤں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان مختلف اضلاع پر انتظامی کنٹرول حاصل کرنے کی پرتشدد جدوجہد کا آغاز ہوگیا ہے اور افغانستان کے شمالی علاقوں سے شہریوں کی ایک بڑی تعداد جنوب کی جانب نقل مکانی کر رہی ہے۔ افغانستان کے مشرقی اور جنوبی علاقے پاکستان کی مغربی سرحد سے متصل ہیں اور اس طرح افغان پناہ گزینوں کی ایک تازہ لہر کے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ آن لائن ویزا سروس شروع کردی گئی ہے اور مختلف کیسز کابینہ کو بھیجے گئے ہیں جبکہ 30 دن کے اندر درخواست گزاروں کو ویزا جاری کردیا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ ’ایلین کارڈ کے ذریعے غیر ملکیوں کو بینک اکاؤنٹ کھولنے، کاروبار شروع کرنے، سم کارڈ حاصل کرنے اور سفری سہولیات کی فراہمی شروع کررہے ہیں، اگر ان کا ویزا ختم ہوجائے تو بھی وہ وزارت داخلہ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔‘

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا: ’سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے ممالک جانے کے خواہش مند تقریباً چار ہزار پاکستانی طورخم بارڈر پر پھنسے ہوئے ہیں، میں این سی او سی اور دیگر متعلقہ اتھارٹیز سے بات کروں گا کہ ان کی واپسی میں سہولت پیدا کی جائے۔ ریپڈ کرونا ٹیسٹنگ کی جائے گی اور جن کے ٹیسٹ منفی آئیں گے، صرف انہیں ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔‘

وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ چمن بارڈر کو پہلی تاریخ سے الیکٹرانک کر دیا جائے گا۔

منشیات فروشی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا: ’منشیات فروشی کے خلاف بڑی کارروائی شروع کرنے جا رہے ہیں، اسلام آباد میں منشیات کا بڑا زور ہے، پاکستان پر یہ الزام تھا کہ پاکستان سے منشیات باہر جا رہی ہیں۔ میں کہتا ہوں کہ باہر سے منشیات پاکستان آ رہی ہیں، میری یہ بات کوئی شخص ماننے کو تیار نہیں، جتنی منشیات باہر نہیں جارہی اتنی باہر سے پاکستان آرہی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان