سعودی عرب: کرونا سے ہلاک ہونے والے طبی عملے کو معاوضہ ادا

سعودی حکومت کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ ’انہوں (طبی عملے) نے وبا کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں دی ہیں اور شہریوں اور رہائشیوں کی صحت کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے(تصویر واس)‘

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب نے اتوار سے کرونا کے باعث ہلاک ہونے والے طبی عملے کے ورثا کو پانچ لاکھ ریال زر تلافی اداکرنے کا آغاز کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گذشتہ برس سعودی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہلاک ہونے والے ہر شخص کے اہل خانہ کو ایک لاکھ 33 ہزار ڈالرز ادا  کرے گی۔

بعد ازاں اکتوبر میں فیصلہ کیا گیا ریاست طبی شعبے میں کام کرنے والے ایسے کارکنان جو کرونا کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہوں چاہے وہ نجی اداروں سے وابستہ ہوں یا پھر سرکاری، فوجی ہوں یا شہری، سعودی ہوں یا غیر ملکی ہر ایک کو پانچ لاکھ سعودی ریال  بطور زر تلافی ادا کیے جائیں گے۔

تیل کی دولت سے مالا مال خلیجی ملک کا کہناہے کہ اس فیصلے کا اطلاق دو مارچ 2020 سے ہوگا جب ملک میں کرونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے نے کرونا سے متاثر ہو کر ہلاک ہونے والوں کے ورثا میں رقوم کی ادائیگیوں کا اعلان کیا ہے۔

سعودی حکومت کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ ’انہوں (طبی عملے) نے وبا کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں دی ہیں اور شہریوں اور رہائشیوں کی صحت کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔‘

یہ تا حال واضح نہیں ہے کہ کووڈ 19 کا شکار ہو کر طبی عملے کے کتنے کارکنان سعودی عرب میں ہلاک ہوئے ہیں کیونکہ وہاں غیر ملکی ہزاروں کی تعداد میں بطور طبی کارکنان کام کررہے ہیں۔

سعودی عرب کی حکومت نے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی ملک گیر مہم تیز کر دی ہے کیونکہ حکومت ملک میں سیاحت، کھیل اور فن و ثقافت سمیت دیگر شعبوں کو بحال کرنا چاہتی ہے جو کرونا کی وجہ سے پابندیوں کا شکار تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی وزارت صحت کے مطابق تین کروڑ پچاس لکھ آبادی والے ملک سعودی عرب میں کرونا ویکسین کی دو کروڑ نوے لاکھ سے زیادہ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

ملک میں ویکسی نیشن ہر اس شخص کے لیے لازمی ہے جو کسی بھی سرکاری یا نجی عمارت میں داخل ہونا چاہتا ہے۔ ان جگہوں میں تعلیمی اور تفریحی مقامات اور عوامی ٹرانسپورٹ بھی شامل ہیں۔

سعودی عرب میں اب تک کرونا کے پانچ لاکھ 33 ہزار کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور اسی وائرس سے آٹھ ہزار 300 سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا