اہرام مصر پر جعلی ’بے بی جنڈر ریویل پارٹی‘ کا انعقاد شامی یو ٹیوبر اور ان کی عراقی اہلیہ کے لیے مہنگا پڑ گیا جن کو مصر میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اپنے دوسرے بچے کی دنیا میں آمد کا انتظار کرنے والے سیامند اور شاہد نے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی جس کا ٹائٹل ’فرسٹ جنڈر ریویل پارٹی بائے دا پیرامڈز‘ تھا۔
فوٹیج میں جوڑے کو اپنی بیٹی اور خاندان اور دوستوں کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے جس میں سب نئے بچے کی جنس دریافت کرنے کے لیے پرجوش نظر آرہے ہیں۔
اس کے بعد جیسے ہی اہرام اور دیگر قدیم مقامات پر لائٹ شو کا آغاز ہوتا ہے گنتی کے بعد پورا مقام نیلی روشنی میں نہا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ نیلا رنگ بیٹے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
تاہم غزہ میں آثار قدیمہ کے انچارج نے کہا کہ لائٹس کا سوشل میڈیا کی ان شخصیات سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید کہا کہ ’اہرام کے قریب پرائیویٹ پارٹیوں کی سختی سے ممانعت ہے اور اہرام اشتہاری مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکتے۔‘
عہدیدار نے اس بات پر زور دیا کہ درحقیقت یہ مقام سیاحت اور صحت کی وزارتوں کے ساتھ مل کر جگر کے عالمی دن کے موقع کی مناسبت سے نیلے اور نارنجی رنگ میں روشن کیا گیا تھا اور یہ کہ بچے کی جنس کے انکشاف کا سٹنٹ ایک ’جھوٹ‘ تھا۔
سیامند اور شاہد کی اہرام مصر پر بے بی جنڈر ریویل پارٹی دبئی کے یوٹیوبر جوڑے انس مروہ اور اصالہ ملیح سے متاثر تھی جنہوں نے 2020 میں دبئی کے مشہور برج خلیفہ پر ایسی ہی پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔