بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا 40 برس کی عمر میں چل بسے

بگ باس سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ممبئی کے کوپر ہسپتال لے جایا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

سدھارتھ شکلا نے سوگواران میں والدہ اور دو بہنوں کو چھوڑا ہے(فوٹو: سدھارتھ شکلا انسٹاگرام اکاؤنٹ)

بھارتی اداکار اور ماڈل سدھارتھ شکلا جمعرات کی صبح دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق 40 سالہ سدھارتھ کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ممبئی کے کوپر ہسپتال لے جایا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

انہوں نے سوگواران میں والدہ اور دو بہنوں کو چھوڑا ہے۔

سدھارتھ شکلا اس ہفتے کے شروع تک ٹوئٹر پر سرگرم تھے۔ 30 اگست کو ان کی آخری ٹویٹ میں انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں سنیل انٹل اور اوانی لیکھرا کو ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی۔

سدھارتھ شکلا نے شوبز کیریئر کا آغاز بطور ماڈل کیا اور پھر 2008 میں ٹی وی کے میدان میں قدم رکھا۔ ان کا پہلا سیریل ’بابل کا آنگن چھوٹے نا‘ تھا۔ اس کے علاوہ بھی انہوں نے کئی دیگر ڈراموں میں کام کیا، جن میں ’جانے پہچانے سے‘، ’یہ اجنبی‘، ’لو یو زندگی‘، ’سی آئی ڈی‘ اور ’دل سے دل تک‘ شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’بالیکا وادھو‘ میں ان کے مرکزی کردار، جس میں انہوں نے آنجہانی اداکارہ پراتیوشا بینرجی کے ساتھ کام کیا تھا، نے انہیں ایک سٹار بنا دیا۔

سدھارتھ شکلا نے 2019 میں  مشہور رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کا سیزن 13 جیتا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’خطروں کے کھلاڑی‘ سیزن سات بھی جیتا جبکہ ’جھلک دکھلا جا‘ سیزن چھ میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے شو ’انڈیاز گوٹ ٹیلنٹ‘ کی میزبانی بھی کی۔

سدھارتھ شکلا نے عالیہ بھٹ اور ورون دھون کی فلم ’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘ میں بھی بطور معاون اداکار کام کیا۔ اس کے علاوہ وہ ویب سیریز میں بھی کام کرچکے ہیں۔

سدھارتھ شکلا کی اچانک موت نے بھارت کی شوبز برادری کو صدمے اور دکھ سے دوچار کر دیا ہے اور ان کے ساتھیوں کی طرف سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑہ نے ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ وہ سدھارتھ کی موت کو قبول نہیں کر پا رہی ہیں۔

اداکارہ کیارا یڈوانی نے سدھارتھ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

بالی وڈ اداکار رتیش دیش مکھ نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ وہ سدھارتھ شکلا کی موت پر شاک میں ہیں، وہ بہت جلدی چلے گئے اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

گلوگار میکا سنگھ نے بھی گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی بہت ناقابل پیش گوئی ہے۔‘

اداکار اور کامیڈین سنیل گروور نے سدھارتھ شکلا کی موت پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ بہت جلدی چلے گئے۔


 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی