جنوبی افریقہ کے کرکٹ سٹار کوئنٹن ڈی کاک نے اپنی ٹیم کے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں ’بلیک لائیوز میٹر‘ مہم کے لیے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کرنے پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسا کرنے میں خوشی ہو گی۔
ڈی کاک نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ’میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں سے معذرت کے ساتھ شروعات کرنا چاہوں گا۔ میں کبھی بھی اس کو ذاتی مسئلہ نہیں بنانا چاہتا تھا۔ میں نسل پرستی کے خلاف کھڑے ہونے کی اہمیت کو سمجھتا ہوں اور میں بطور کھلاڑی مثال قائم کرنے کی ہماری ذمہ داری کو بھی سمجھتا ہوں۔‘
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’اگر میرے گھٹنے ٹیکنے سے دوسروں کو اس مسٔلے کی اہمیت سمجھنے میں مدد ملتی ہے اور دوسروں کی زندگیاں بہتر ہوتی ہیں تو مجھے ایسا کرنے سے زیادہ خوشی ہو گی۔‘
ڈی کاک نے ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر ویسٹ انڈیز کے خلاف منگل کو ہونے والے میچ سے دست برداری اختیار کر لی تھی۔
دوسری جانب کھلاڑیوں نے کرکٹ جنوبی افریقہ کی طرف سے نسل پرستی کے خلاف علامتی مہم پر عمل کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے گذشتہ ہفتے آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کے پہلے میچ کی تصاویر سامنے آنے کے بعد ایسا کیا جہاں کچھ کھلاڑی گھٹنے ٹیک رہے تھے اور کچھ ویسے ہی کھڑے تھے۔
سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز ڈی کاک نے رواں سال کے آغاز میں ویسٹ انڈیز میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی گھٹنے ٹیکنے سے انکار کر دیا تھا۔
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے پہلے سیاہ فام کپتان ٹیمبا باوما نے کہا کہ ڈی کاک کے فیصلے اور اس کے بعد ہونے والے واقعات نے اسے ان کی زندگی کا مشکل ترین دن بنا دیا۔
دبئی میں پروٹیز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔ ان کا اگلا میچ ہفتے کو شارجہ میں سری لنکا سے ہوگا جس میں ڈی کاک کی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔