پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں پاکستانی کرکٹ سکواڈ میں شامل چند کرکٹرز کی شرٹ کے نمبرز کے بارے میں دلچسپ حقائق بیان کیے ہیں۔
ٹوئٹر پر جاری کی جانے والی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شعیب ملک، فخر زمان، شاہین آفریدی، آصف علی اور شاداب خان نے اپنی شرٹس کے پیچھے لکھے نمبرز کا انتخاب کس بنیاد پر کیا ہے۔
The story behind shirt numbers #WeHaveWeWill | #T20WorldCup pic.twitter.com/Yo0u1XmXr5
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 1, 2021
بابر اعظم
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی شرٹ کا نمبر 56 ہے۔ ویڈیو میں بابر اعظم نے بتایا کہ ’56 کے پیچھے کوئی خاص بات نہیں، اس سے قبل انہیں 33 نمبر ملا تھا، پھر 56 دیا گیا تو میں نے 56 رکھ لیا، اب کوشش ہوتی ہے کہ اس نمبر کے مطابق ہی سکور کروں۔ پہلے زیادہ اہمیت نہیں تھی نمبر کی لیکن اب یہ میرے کرکٹ کے سفر کا حصہ بن گیا ہے۔‘
محمد رضوان
پاکستانی وکٹ کیپر اور اوپننگ بیٹسمین محمد رضوان کی شرٹ کا نمبر 16 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’میرے 16 نمبر کی شرٹ کے پیچھے ایک راز ہے اور وہ یہ کہ میں نے ہارڈ بال کی سب سے پہلی اننگز میں 16 رنز ہی بنائے تھے، اس کے بعد یہ نمبر راس آگیا، سالگرہ میں بھی چھ کا ہندسہ ہے، بیگم کی تاریخ پیدائش میں بھی 6 ہے، دونوں بیٹیوں کی تاریخ پیدائش میں بھی 6 آتا ہے اس لیے 16 کو منتخب کیا ہوا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شاہین آفریدی
پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی شرٹ کا نمبر 10 ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ انہیں اس سے قبل 40 نمبر دیا گیا، تھا جس کے ساتھ شاہین لکھا ہوا تھا لیکن وہ چاہتے تھے کہ انہیں 10 نمبر مل جائے کیوں کہ ’لالہ (شاہد آفریدی) یہ نمبر استعمال کرتے ہیں اور وہ بچپن سے میرے فیورٹ ہیں۔ میری خواہش تھی کہ 10 نمبر ملے اور آفریدی نام اس پر لکھا ہو۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’2018 میں پی سی بی سے درخواست کی تھی کہ 10 نمبر مجھے دیا جائے لیکن اس وقت شاہد آفریدی ریٹائر نہیں ہوئے تھے لیکن اب ورلڈ کپ کے لیے یہ مجھے مل گیا ہے اور شاہد آفریدی نے بھی کہا کہ اب شاہین یہ پہن سکتا ہے، شکریہ لالہ کا بھی۔‘
شاہین شاہ آفریدی کے 10 نمبر کی جرسی لینے کی وجہ تو شاہد آفریدی ہیں لیکن شاہد آفریدی نے یہ نمبر کیوں لیا تھا؟
بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور پاکستان کے سابق کپتان اور پاور ہٹر شاہد آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ انہوں نے 10 نمبر عظیم فٹبالر ڈیاگو میرا ڈونا سے متاثر ہوکر منتخب کیا تھا۔ میراڈونا اب اس دنیا میں نہیں رہے لیکن وہ فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جاتے ہیں اور ان کی جرسی کا نمبر بھی 10 تھا۔
فخر زمان
پاکستانی بلے باز فخر زمان کی جرسی کا نمبر 39 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ قومی ٹیم میں آئے تو انہیں انتخاب کا موقع ملا جس پر انہوں نے 39 نمبر منتخب کیا کیوں کہ پہلی بار جب وہ پاکستان بحریہ میں آئے تو وہاں انہیں جو کمرہ ملا اس کا نمبر 39 تھا، لہٰذا انہوں نے اسی نمبر کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
شاداب خان
پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان کی جرسی کا نمبر 7 ہے۔ ان کے مطابق پہلے ان کا شرٹ نمبر 29 تھا لیکن اب انہوں نے اپنی بیٹنگ کی پوزیشن کی مناسبت سے اپنی جرسی کا نمبر 7 منتخب کیا ہے۔ شاداب کے مطابق پہلے محمد سمیع یہ نمبر پہن کر کھیلتے تھے اور اب انہیں مل گیا ہے۔
شعیب ملک
پاکستان کے سینیئر آل راؤنڈر شعیب ملک کی جرسی کا نمبر 18 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’اس کے پیچھے کوئی خاص کہانی نہیں ہے، شروع ہی سے انہیں یہ نمبر ملا، ایک دو بار تبدیل ہوا لیکن اب مستقل یہی ہے۔‘
آصف علی
پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ جتوانے والے پاور ہٹر آصف علی کی شرٹ کا نمبر 45 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’یہ نمبر پی سی بی نے دیا تھا، اب اس کے ساتھ ایک تعلق بن گیا ہے۔ آٹوگراف کے پیچھے 45 ضرور لکھتا ہوں۔‘
حارث رؤف
فاسٹ بولر حارث رؤف نے بتایا کہ پی سی بی نے انہیں 97 نمبر دیا ہے لیکن انہوں نے 150 نمبر کی درخواست کی ہے کیوں کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کراسکیں۔