ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ بروز اتوار 24 اکتوبر کو دبئی میں ہونے جا رہا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو کرکٹ کی دنیا میں سب سے بڑا مقابلہ مانا جاتا ہے۔
ان دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں ہونے والے پہلے مقابلوں کی تاریخ کیا رہی ہے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
پاکستان بمقابلہ بھارت: پہلا ٹیسٹ
پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ تقسیم ہند کے پانچ سال بعد 1952 میں اکتوبر کی 16 سے 18 تاریخ کے درمیان کھیلا گیا۔
یہ پاکستان کا بھی پہلا ٹیسٹ تھا۔ نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستانی ٹیم کو عبدالحفیظ کاردار اور امیر الہی جیسے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل تھیں جو اس سے قبل بھارت کی ٹیم سے بھی کھیل چکے تھے۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 382 کا رنز مجموعہ بورڈ پر سجا دیا۔ بھارت کے ہیمو ادھیکاری نے 81 رنز بنائے جب کہ لاسٹ مین آنے والے غلام احمد نے دسویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت میں 50 رنز بنا ڈالے۔
جواب میں پاکستان کے لیجینڈری اوپنر حنیف محمد نے 51 رنز کی اننگز کھیلی اور پویلین کو چل دیے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 150 رنز بنا سکی اور بھارت کے بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے وینو منکڈ نے 52 رنز کے عوض آٹھ کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔
فالو آن کرتی پاکستانی ٹیم کو ایک بار پھر منکڈ کا سامنا کرتے ہوئے پانچ وکٹیں کھونا پڑیں اور پوری ٹیم ہی 150 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بھارت نے اس میچ میں ایک اننگز اور 70 رنز سے فتح حاصل کی۔
پاکستان بمقابلہ بھارت: پہلا ایک روزہ میچ
دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ایک روزہ میچ یکم اکتوبر 1978 کو کھیلا گیا۔ اس میچ سے قبل کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی پہلی سیریز کھیلی گئی۔
اس سیریز کا پہلا میچ کوئٹہ میں کھیلا گیا تھا۔ یہ میچ بھارت کے معروف کھلاڑی کپل دیو کا بھی پہلا میچ تھا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ مہندر امرناتھ 51 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔
جواب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز پر اعتماد تھا اور 82 رنز پر صرف ایک وکٹ کھونے کے باوجود پوری ٹیم 166 رنز پر آٹھ وکٹیں گوا بیٹھی۔ پاکستان کو اس میچ میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
پاکستانی اننگز کی خاص بات ماجد خان کی نصف سینچری تھی۔
سیریز کا دوسرا میچ سیالکوٹ میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل کرتے ہوئے سیریز برابر کر دی۔ سیریز کا تیسرا میچ جو ساہیوال میں کھیلا گیا وہ تنازعے کا شکار ہو گیا۔
بھارتی کپتان بشن بیدی نے سرفراز نواز کے مسلسل چار باؤنسرز کو وائیڈ نہ قرار دینے پر غصے میں آ کر میچ سے دست برداری اختیار کر لی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی
دونوں حریف ملک ٹی ٹوئنٹی میں پہلی بار 14 ستمبر 2007 کو جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں سامنے آئے۔
یہ گروپ میچ اس وقت ٹائی ہو گیا جب دونوں ٹیمیں مقررہ اوورز میں 141 رنز بنا سکیں۔ جس کے بعد ’بول آؤٹ‘ کے ذریعے اس میچ کے فاتح کا فیصلہ کیا جانا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس میچ میں پاکستان کے محمد آصف نے 18 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جس کے بعد پاکستان کی اگلے راؤنڈ تک رسائی یقینی ہو گئی لیکن پاکستان بلے باز مصباح الحق جو 53 رنز پر کھیل رہے تھے آخری گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
بول آؤٹ کے مرحلے میں وریندر سہواگ، ہربھجن سنگھ، روبن اتھاپا تینوں نے کامیابی سے وکٹوں کا نشانہ لیا لیکن پاکستان کے یاسرعرفات، عمر گل اور شاہد آفریدی اپنے ہدف کا نشانہ لگانے میں ناکام رہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اگلا مقابلہ اسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں ہوا جس میں بھارت کو پانچ رنز سے فتح ہوئی۔