بھارت: شاستری آؤٹ، راہول ڈریوڈ بطور ہیڈ کوچ ان

بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سورو گنگولی نے راہول ڈریوڈ کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ’راہول کا کیریئر شاندار رہا ہے اور وہ عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ان کے دور میں بھارتی کرکٹ نئی بلندیوں پر جائے گی۔‘

4 نومبر 2014 کو لی گئی اس  تصویر میں سابق بھارتی کرکٹر اور کپتان راہول ڈریوڈ ممبئی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں (فائل فوٹو: اےا یف پی)

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے سابق بھارتی بلے باز اور کپتان راہول ڈریوڈ کو ہیڈ کوچ کے طور پر تعینات کیا ہے۔ وہ روی شاستری کی جگہ لیں گے جو ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے اختتام پر اپنے عہدے سے دستبردار ہونے والے ہیں۔

بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے ان کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ’راہول کا کھیل کا کیریئر شاندار رہا ہے اور وہ عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ان کے دور میں بھارتی کرکٹ نئی بلندیوں پر جائے گی۔‘

48 سالہ ڈریوڈ اپنے کلاسیک انداز اور مضبوط دفاع کی وجہ سے ’دیوار‘ (The Wall) یا ’قابل انحصار‘ (Mr. Dependable) کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ وہ اس ماہ کے آخر میں نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ہوم سیریز سے چارج سنبھالیں گے۔

2012 میں ریٹائر ہونے سے پہلے ڈریوڈ نے 164 ٹیسٹ میچز میں 13 ہزار 288 رنز بنائے۔ وہ بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کے بعد دوسرے اور عالمی درجہ بندی میں مجموعی طور پر چوتھے نمبر پر تھے۔

ڈریوڈ نے حالیہ برسوں میں بھارت کی اے ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی اور انڈر 19 کے کئی نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کی ہے۔ انہوں نے اپنی تقرری کو ’ایک عزاز‘ قرار دیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا: ’نیشنل کرکٹ اکیڈمی، انڈر 19 اور بھارت کی اے ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ قریب سے کام کرنے کے بعد میں جانتا ہوں کہ ان میں ہر روز بہتری لانے کا جذبہ اور خواہش ہے۔‘

بی سی سی آئی کے اعزازی سکریٹری جے شاہ نے کہا: ’اگلے دو سالوں میں دو ورلڈ کپ ہونے والے ہیں، یہ ضروری ہے کہ (عہدےکی) منتقلی ہموار ہو اور سابق بھارتی کپتان اس کام کے لیے موزوں انسان ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’مجھے کوئی شک نہیں ہے کہ ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم تمام فارمیٹس میں غلبہ حاصل کرے گی۔‘

بھارت کے نائب کپتان روہت شرما نے ابوظہبی میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا میچ جیتنے کے بعد گذشتہ روز انہیں مبارک باد دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شرما نے افغانستان کے خلاف اپنی ٹیم کی 66 رنز سے فتح کے بعد راہول ڈریوڈ کے لیے کہا: ’بھارتی ٹیم میں ایک مختلف صلاحیت کے ساتھ واپس آنے پر مبارکباد۔ ہم ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ وہ بھارتی کرکٹ کے ایک سٹالورٹ ہیں اور مستقبل میں ان کے ساتھ کام کرنا اچھا لگے گا۔‘

ٹی 20 ورلڈکپ کے اختتام پر روی شاستری کی روانگی کا اعلان ان کی چار سالہ کامیاب مدت کے بعد پہلے ہی کیا جا چکا تھا۔

شاستری نے 2017 میں بھارتی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے چارج سنبھالا تھا۔

ان کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم 19-2018 میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بنی تھی اور اس کے بعد اس ٹیم نے 21-2020 میں ایک اور سیریز جیتی۔ اس موسم گرما میں وہ انگلینڈ میں سیریز ختم ہونے سے پہلے 1-2 سے آگے تھے۔

اس سے پہلے بھارتی ٹیم نے انگلینڈ میں افتتاحی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی، لیکن نیوزی لینڈ سے ہار گئی تھی، جو اب طویل فارمیٹ میں نمبر ایک ہے۔

روی شاستری کے بھارتی کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ بھی اچھے تعلقات رہے جبکہ ان کے دور میں جسپریت بھمرا اور محمد شامی جیسے فاسٹ بولرز بھی ابھر کر سامنے آئے۔

تاہم ان ہی کے دور میں بھارت انگلینڈ اور ویلز میں 2019 کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست سے بھی دوچار ہوا اور فی الحال متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور نیوزی لینڈ سے اپنے ابتدائی میچز میں شکست کھا چکا ہے۔

ان میچز کے بعد انڈین کوچ اور انتظامیہ پر بھی سوالات کیے جانے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر تنقید کی گئی تھی۔

پاکستان کے ساتھ میچ میں شکست کے بعد کئی مسلمان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر مزہبی طرف داری کا ٹھپہ بھی لگایا گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ