سعودی عرب میں نئے پاکستانی سفیر آئندہ ماہ چارج سنبھال لیں گے

خرم راٹھور ریاض میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر کی جگہ لیں گے جن کو رواں سال جنوری میں پاکستان کے سابق سفیر راجہ علی اعجاز کی جگہ تعینات کیا گیا تھا۔

خرم راٹھور برلن اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے ( اکیڈمی فور کلچرل ڈپلومیسی)

سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر خرم راٹھور دسمبر کے اوائل میں باضابطہ طور پر اپنا عہدہ سنبھال لیں گے۔

عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق سفارت کار خرم راٹھور نے رواں سال ستمبر میں کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر کا چارج سنبھالا تھا لیکن وہ گذشتہ ماہ سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے وفد کا حصہ تھے۔

خرم راٹھور ریاض میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر کی جگہ لیں گے جن کو رواں سال جنوری میں پاکستان کے سابق سفیر راجہ علی اعجاز کی جگہ تعینات کیا گیا تھا۔

سعودی عرب میں پاکستانیوں کی مبینہ شکایات کے بعد راجہ علی اعجاز اور مشن کے کئی دیگر ارکان کو وطن واپس بلا لیا گیا تھا۔

مشرق وسطیٰ کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون طاہر محمود اشرفی نے عرب نیوز کو بتایا: ’سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر کے طور پر خرم راٹھور کی تقرری بہت جلد مکمل ہونے کی امید ہے۔ توقع ہے کہ وہ اس سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں ریاض میں اپنا چارج سنبھال لیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ جنرل اکبر کو کسی اور ملک میں سفیر مقرر کیا جائے گا۔

سعودی عرب میں تقریباً 25 لاکھ پاکستانی کارکن مقیم ہیں جو ملک کو سب سے زیادہ غیر ملکی ترسیلات زر بھیجتے ہیں۔

اشرفی نے کہا کہ خرم راٹھور کی تعیناتی سے مملکت میں اسلام آباد کے سفارتی مشن کے وہاں مقیم پاکستانی شہریوں سے تعلقات بہتر ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا: ’وزیراعظم عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، خاص طور پر سعودی عرب میں ہمارے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بہت فکر مند اور پرعزم ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہمارا مشن عوام کے لیے زیادہ قابل رسائی ہو اور مملکت میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ اس کے روابط کو بہتر بنایا جائے۔‘

ریاض میں پاکستانی سفارت خانے نے اس نئی تقرری کے حوالے سے سوالات کا جواب نہیں دیا جب کہ اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے اس معاملے کو ’انتظامی معاملہ‘ قرار دیتے ہوئے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا