پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور کرکٹ ماہر اور ٹی وی اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان اس وقت صلح صفائی ہو گئی جب ڈاکٹر نعمان نے سابق بولر سے معافی مانگ لی۔
ڈاکٹر نعمان اور شعیب اختر کی ملاقات وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ ملاقات میں صحافی سلیم صافی بھی موجود تھے۔
اس معافی کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں شعیب اور ڈاکٹر نعمان ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں۔
ویڈیو میں، جو بقول شعیب اختر کے فواد چوہدری نے خود بنائی ہے، ڈاکٹر نعمان نے کہا کہ جو کچھ بھی سکرین پر ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ شعیب سے ان کی دوستی 30 سال پرانی ہے اور ابھی بھی دیر نہیں ہوئی۔
سابق فاسٹ بولر نے بعد ازاں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے غیر مشروط معافی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ اب حل ہو چکا۔
فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ بات اتنی نہیں تھی جتنی اس پر باتیں ہوئیں۔
دوست دو چار نکلتے ہیں کہیں لاکھوں میں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 13, 2021
جتنے ہوتے ہیں سوا اتنے ہی کم ہوتے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔ بات اتنی نہیں تھی کہ اس پر اتنی گفتگو ہوتی لیکن کیا ہے کہ سوشل میڈیا اب اتنا بڑا ہے کہ چھوٹی باتیں بھی بڑی ہو جاتی ہیں، بہرحال All is well that ends well #GameOnHai #PTV pic.twitter.com/TLsGjfUw13
خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین میچ کے بعد پی ٹی وی سپورٹس کے پروگرام (گیم آن ہے) میں نوک جھونک کے بعد شو کے میزبان ڈاکٹر نعمان نے شعیب کو شو سے جانے کا کہہ دیا تھا۔
شو میں بریک کے بعد شعیب نے ان سے معافی مانگنے کا کہا لیکن ایسا نہ کرنے پر انہوں نے لائیو پی ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
اس واقعے پر سوشل میڈیا پر کافی لے دے ہوئی تھی۔ پی ٹی وی نے واقعے کی تحقیقات کرانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دونوں حضرات پر حقائق سامنے آنے تک وقتی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پی ٹی وی نے سات نومبر کو شعیب اختر کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی تھی کہ وہ معاہدے کے باوجود پی ٹی وی چھوڑ کر دبئی میں ایک ٹی وی شو میں کیوں شریک ہوئے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آج منظر عام پر آنے والی ویڈیو سے قبل ڈاکٹر نعمان نیاز نے صحافی رؤف کلاسرا کو ان کے یوٹیوب چینل پر انٹرویو میں بتایا تھا کہ جو کچھ ہوا اور ان کے غصے پر جو سخت ردعمل سامنے آیا وہ جائز تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے کوئی حق نہیں تھا۔ انسان غلطی کر گزرتا ہے اور اس کے لیے میں معافی مانگتا ہوں۔ ایک دفعہ نہیں بلکہ لاکھوں مرتبہ۔ شعیب ایک راک سٹار ہے اور مجھے اس کی کرکٹ بہت پسند ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ شعیب اختر بھی اس معاملے میں دکھی ہوا یا کسی بات نے اس کے غصے کو ہوا دی۔ ’جو بھی کیمرہ پر ہوا وہ غیر مہذب تھا۔‘
دوسری جانب سابق کرکٹر شعیب اختر نے نجی ٹیو چینل جیو نیوز کے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ انہوں نے ملک کی خاطر نعمان نیاز کو اسی وقت معاف کر دیا تھا اور شو چھوڑ کر آ گئے تھے۔