موسم سرما آتے ہی کھانے پینے کے شوقین افراد اپنے من پسند کھانوں مثلاً مچھلی، گرما گرم دودھ جلیبی اور لذیذ حلوؤں کی جانب راغب ہوتے ہیں۔
لیکن ملتان میں شاہ جی کے چٹ پٹے توے والے کھانوں کی الگ ہی بات ہے۔
ملتان کے حرم گیٹ پر موجود ’شاہ جی توے والے‘ کی دکان کو ذیشان سلیم چلاتے ہیں۔
یہ دکان ان کے دادا نے بنائی تھی، یوں تین نسلوں سے یہ دکان چلی آ رہی ہے۔
ذیشان سلیم نے بتایا کہ ان کی دکان پر سب کچھ توے پر بنتا ہے اور یہی ان کے کھانوں کی خصوصیت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جو بھی ملتان آتا ہے وہ یہاں ضرور آتا ہے۔ ان کا چکن تکہ، چکن پیس، چامپیں اور شامی کباب مشہور ہیں۔ تاہم سب سے مقبول مصالحے والی روٹی ہے۔
’ہمارے پاس توا پیس، کڑاہی اور کوئلے پر پکنے والے چکن سے مختلف ہوتا ہے، ہم توے پر بناتے ہیں۔ ہمارا تکہ بھی توے پر بنتا ہے، چکن پیس بھی توے پر بناتے ہیں اور مصالحے والی روٹی بھی توے پر بناتے ہیں۔‘
ذیشان سلیم نے مصالحے والی روٹی کے بارے میں بتایا کہ اس میں مصالحے ڈلتے ہیں اور ہری مرچوں میں بنائی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سردیوں میں یہاں آنے والوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔
’کھانوں میں مصالحے ڈلے ہوتے ہیں جو لوگ پسند کرتے ہیں یا وہ لوگ آتے ہیں جن کا چٹ پٹے کھانے کو دل کرتا ہے۔‘
ذیشان نے بتایا کہ صرف ملتان ہی سے نہیں بلکہ ان کے پاس پاکستان بھر سے لوگ آتے ہیں۔
’ہمارے پاس لاہور، اسلام آباد، ملتان سمیت پورے ملک سے لوگ آتے ہیں اور جو اردگرد کے چھوٹے موٹے شہر ہیں وہ بھی تقریباً ہمارے پاس آتے ہیں جبکہ غیر ملکی بھی ہمارے پاس آتے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے بتایا کہ ’جس طرح ملتان کا سوہن حلوہ مشہور ہے ایسے ہی شاہ جی کے چکن پیس بھی مشہور ہیں۔‘
شاہ جی کی دکان پر لاہور سے آئے مکرم علی شاہین نے بتایا کہ وہ اکثر یہاں آتے ہیں۔
’جب کبھی ہمیں باہر کھانا ہوتا ہے تو ہم شاہ جی کے تکے کھاتے ہیں۔ دوست اکثر ہمیں یہاں لے آتے ہیں۔‘