پریانتھا کمارا کی میت سری لنکا پہنچ گئی

پریانتھا کمارا کی لاش کو گذشتہ روز سیالکوٹ سے لاہور منتقل کرکے سری لنکن سفارتی حکام کے حوالے کیا گیا تھا۔

کراچی میں انسانی حقوق کونسل پاکستان کے ایک رکن پریانتھا کمارا کی تصویر کے آگے شمع جلا رہے ہیں (تصویر: اے ایف پی)

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل کے بعد جلائے جانے والے سری لنکن فیکٹری مینیجر پریانتھا کمارا کی باقیات کولمبو پہنچا دی گئی ہیں۔

پریانتھا کمارا کی لاش پیر کو لاہور سے کولمبو روانہ کی گئی تھی۔ ان کی میت کو وصول کرنے کے لیے سری لنکن حکام کے علاوہ سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر بھی موجود تھے۔

کولمبو میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پرینتھا کمارا کی میت سری لنکا پہنچی تو اس موقع پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا افراد بھی وہاں موجود تھے۔

بیان کے مطابق ان تمام افراد نے پاکستان حکومت کی جانب سے فوری اور ٹھوس اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی، صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین، سری لنکا کے اعزازی قونصلر اور وزارت خارجہ کے عملے نے میت کو رخصت کیا۔ ایئر لنکا کا طیارہ یو ایل 186 میت کو لے کر کولمبو روانہ ہوا، جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

اس سے قبل سری لنکن سفارت خانے کے اہلکار علی الصبح ہسپتال پہنچے تھے جہاں انہوں نے پریانتھا کمارا کی میت پر پھول رکھے۔

پریانتھا کمارا کی لاش کو گذشتہ روز سیالکوٹ سے لاہور لایا گیا تھا اور شام چھ بجکر 40 منٹ پر سری لنکن سفارتی حکام  کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

پنجاب پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے سکیورٹی خدشات کے تحت نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ پریانتھا کمارا کی لاش کو لاہور کے علاقے ڈیفنس میں واقعے عادل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے سفر کے لیے تیار کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکن سفارتی حکام عادل ہسپتال کے قریب تھانہ ڈیفنس آئے، جہاں  قانونی کارروائی مکمل کرکے پریانتھا کمارا کی لاش لاہور پولیس کے اعلیٰ افسران کی نگرانی میں ان کے حوالے کی گئی۔

لاش حوالے کرنے کے بعد پولیس کی سخت سکیورٹی کے حصار میں سری لنکن سفارتی عملے کو لاہور ایئرپورٹ پہنچا دیا گیا۔

اسلام آباد میں سری لنکن ہائی کمیشن کی ایک کونسلر ایڈمنسٹریشن چمیرا مناسنگھے نے بتایا تھا کہ کمارا کے خاندان کے افراد باقیات حاصل کرنے کے لیے پاکستان نہیں جائیں گے کیونکہ ’سری لنکن ہائی کمیشن سب کچھ سنبھال رہا ہے۔‘

اس سے قبل سری لنکا کی وزارت خارجہ کی جانب سے کی گئی ایک ٹویٹ میں ایک پریس ریلیز جاری کی گئی تھی کہ پریانتھا کمارا کی لاش سری لنکن ایئر لائنز کے ذریعے چھ دسمبر کو ریاستی خرچ پر سری لنکا لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پریانتھا کی لاش کو ان کے ورثا وصول کریں گے۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا تھا کہ اسلام آباد میں سری لنکن ہائی کمیشن کی پاکستانی حکومت اور فیکٹری مالکان سے پریانتھا کمارا کے خاندان کے لیے مالی ازالے کی بات بھی جاری ہے۔

اس پریس ریلیز میں یہ بھی لکھا تھا کہ سری لنکن ہائی کمیشن نے اسلام آباد میں وزارت خارجہ سے پریانتھا کمارا کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

مزید گرفتاریاں

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس نے گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سیالکوٹ واقعے میں ملوث مزید سات مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور اب تک 131 گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پنجاب پولیس ترجمان کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل کال ڈیٹا سے پولیس نے مزید سات مرکزی کرداروں کا تعین کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کو ویڈیو فوٹیج میں پریانتھا کمارا پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو فوٹیج میں کچھ ملزمان کے ہاتھوں میں ڈنڈے ہیں جب کہ باقی تشدد کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ملزمان اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں گرفتاری کے ڈر سے چھپے ہوئے تھے، جہاں سے پولیس نے چھاپے مار کر انہیں حراست میں لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب کیس کی تحقیقات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔ 

دوسری جانب ہلاک ہونے والے سری لنکن شہری کی اہلیہ نے بھی پاکستانی وزیراعظم اور صدر سے اپنے شوہر کے قتل کی منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان