ٹیکنالوجی کے میدان میں ہرہفتے ہی کچھ نہ کچھ نیا ہوتا رہتا ہے۔ رواں ہفتے کے ٹیکنالوجی راؤنڈ اپ میں پیش خدمت ہیں اس حوالے سے پانچ دلچسپ خبریں۔
اوپو کا فولڈنگ فون
سب سے پہلے بات کرتے ہیں ایک نئے فولڈنگ سمارٹ فون کی۔ سام سنگ، موٹرولا، شاؤمی اور ہواوے کے بعد اوپو بھی فولڈنگ فونز کے میدان میں اتر رہا ہے۔
’فائنڈ این‘ اوپو کا پہلا فولڈنگ فون ہے، جسے 15 دسمبر کو کمپنی کے سالانہ ’اینو ڈے‘ کے موقعے پر پیش کیا جائے گا۔
کمپنی نے ٹوئٹر پر اپنے نئے فون کا ٹیزر جاری کیا ہے، جس میں فون کے بارے میں زیادہ پتہ نہیں چلتا البتہ خدو خال سے یہ سام سنگ کے زی فونز جیسا دکھتا ہے۔
دی ورج کی ایک رپورٹ میں اوپو کے سی ای او پیٹ لاؤ کے ایک بلاگ کے حوالے سے بتایا گیا کہ اوپو یقیناً فولڈنگ فونز کے شعبے میں دوسری کمپنیوں سے پیچھے رہا ہے لیکن وہ بہت تحقیق کے بعد دوسروں سے کہیں بہتر فون ریلیز کر رہے ہیں۔
This is the exquisitely engineered #OPPOFindN.
— OPPO (@oppo) December 9, 2021
Hold. Fold. Enjoy. Repeat.
Coming December 15. #OPPOINNODAY2021 pic.twitter.com/LVZKNgYiAv
نامور گلوکار کا ورچوئل پڑوسی بننے کے لیے آٹھ کروڑ روپے خرچ
کیا آپ حقیقی زمین کی بجائے خیالی (ورچوئل) زمین خریدنے کے لیے آٹھ کروڑ پاکستانی روپے خرچ کریں گے؟
ایک نامعلوم شخص نے میٹا ورس میں مشہور گلوکار سنوپ ڈاگ کے پڑوس میں تین لاکھ 40 ہزار 500 پاؤنڈز مالیت کا ورچوئل پلاٹ خریدا ہے۔
دی انڈپینڈںٹ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ 50 سالہ ریپ گلوکار سنوپ ڈاگ نے، جن کا اصل نام کیلون کورڈوزار براؤڈس جونیئر ہے، ’سنوپ ورس‘ کے نام سے ایک میٹاورس بنائی ہے، جہاں کے رہائشی سنوپیٹیز یا سنوپرز کہلائیں گے۔
پلاٹ خریدنے والے شخص کو سنوپ ڈاگ کے کیلی فورنیا میں حقیقی مینشن کی ڈیجیٹل کاپی میں ہونے والی پارٹیز وغیرہ میں شرکت کی خصوصی اجازت ہوگی۔
گاڑیاں چوری کرنے کے لیے ایپل کے ایئر ٹیگز کا استعمال
ایپل کمپنی نے لوگوں کو اپنی چابیاں، سامان اور دوسری آسانی سے کھو جانے والی چیزوں کو تلاش کرنے کے لیے ایئر ٹیگز متعارف کرائے تھے، لیکن اب اس ڈیوائس کو گاڑیاں چوری کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
پی سی میگ نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ امریکی پولیس ستمبر 2021 کے بعد سے ایسی پانچ وارداتوں کی تفتیش کر رہی ہے، جس میں ملزمان نے انتہائی مہنگی گاڑیوں میں خفیہ طور پر یہ چھوٹی ٹریکنگ ڈیوائس چھپائی۔
بعد ازاں آئی فونز کی مدد سے ان گاڑیوں کو ٹریک کیا گیا اور موقع ملنے پر انہیں چوری کر لیا گیا۔
نمک کے دانے جتنا کیمرہ
محققین نے نمک کے ایک دانے کے برابر انتہائی چھوٹا کیمرہ بنایا ہے۔
یہ کیمرہ اپنے سے لاکھوں گنا بڑے لینز کے معیار کی تصویریں بنا سکتا ہے
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دی انڈپینڈنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق پرنسٹن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف واشنگٹن کے انجینیئروں کا کہنا ہے کہ یہ کیمرہ مکمل رنگین تصاویر بنا سکتا ہے جو طبی روبوٹ کی مدد سے بیماریوں کی تشخیص اور علاج کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔
روایتی کیمرے روشنی کی شعاعوں کو موڑنے کے لیے مڑے ہوئے شیشے یا پلاسٹک کا استعمال کرتے ہیں لیکن اس نئے کیمرے میں ’میٹا سرفس‘ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو کمپیوٹر چپ کی طرح تیار کی جاتی ہے۔
انسان نما اڑنے والا روبوٹ
آج کل روبوٹ قلا بازیاں لگانے، ٹیڑھے میڑھے راستوں پر متوازن انداز میں چلنے اور ہلکا پھلکا رقص کرنے کا کام تو کر ہی رہے تھے لیکن اطالوی سائنس دانوں نے انہیں آسمان پر اڑنا بھی سکھا دیا ہے۔
دی انگیجنٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ اٹالین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں شعبہ مصنوعی اور مکینیکل ذہانت کے سربراہ ڈینیل پوچی پُرامید ہیں کہ ان اڑنے والے انسان نما روبوٹس کو مزید بہتر بنا کر قدرتی آفات آنے پر فوراً متاثرہ مقامات پر پہلے ریسکیو رضاکاروں کے طور پر بھیجا جا سکے گا۔