لیزر ہتھیار کا امریکی تجربہ اور سوئی ہوئی خاتون کے فون سے رقم چوری

ایپل کا ایک تازہ ترین اپ ڈیٹ صارفین کو صلاحیت دے رہا ہے کہ وہ ان کے فون میں نگرانی کرنے والی ایپس کے بارے میں جان سکیں۔

منگل کو ہونے والے ٹیسٹ میں یو ایس ایس پورٹ لینڈ نے اپنے لیزر ویپن سسٹم ڈیموسٹریٹر کو ہدف پر فائر کیا(اے ایف پی)

ٹیکنالوجی کی دنیا کے اس ہفتہ وار سلسلے میں خوش آمدید۔ ہم آپ کے لیے یہاں اس ہفتے کی ٹیکنالوجی سے منتخب کردہ پانچ خبریں پیش کر رہے ہیں۔

امریکہ کا لیزر ہتھیار کا ’کامیاب‘ تجربہ

امریکی بحریہ نے بدھ کو اعلان کیا کہ اس نے ایک لیزر ہتھیار کا تجربہ کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں تیرتے ہوئے ہدف کو تباہ کر دیا۔

خبر رساں ایجنسی نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ یہ ایک ایسا نظام ہے جو یمن کے حوثی باغیوں کی بموں سے لدی ڈرون کشتیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

منگل کو ہونے والے ٹیسٹ میں یو ایس ایس پورٹ لینڈ نے اپنے لیزر ویپن سسٹم ڈیموسٹریٹر کو ہدف پر فائر کیا۔

امریکی بحریہ کے مشرق وسطیٰ میں قائم پانچویں فلیٹ نے ایک بیان میں لیزر ہتھیار کے تجربے کو ’کامیاب‘ قرار دیا۔

اس سے قبل پورٹ لینڈ نے مئی 2020 میں ایک اڑنے والے ڈرون کو گرانے کے لیے لیزر کا استعمال کیا تھا۔


ہواوے پر چین کو قیدیوں کی نگرانی کی ٹیکنالوجی آفر کرنے کا الزام

چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے مبینہ طور پر آمرانہ حکومتوں کو ایسی ٹیکنالوجیز کی پیشکش کر رہی ہے جس سے وہ اپنے شہریوں پر نظر رکھ سکیں۔

دی انڈپینڈنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق ان ٹیکنالوجیز کے ذریعے آواز سے کسی انسان کی شناخت اور سیاسی مفاد رکھنے والوں کی نگرانی ممکن ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے ایسی مارکیٹنگ پریزنٹیشنز دیکھی ہیں جن پر ’خفیہ‘ لکھا ہے، جن میں از سر نو نظریاتی تعلیم، قیدیوں کے لیے شیڈول بنانا اور ریٹیلرز کی ٹریکنگ شامل ہے۔

یہ تین ہزار سے زیادہ پاورپوائنٹ سلائیڈز ہواوے نے دیگر کمپنیوں کے ساتھ مل کر تیار کیے ہیں، جن میں سے کچھ کمپنیوں پر 2019 میں یو ایس کامرس ڈیپارٹمنٹ نے ایغور مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پابندی عائد کی تھی۔


روس کا ٹوئٹر، فیس بک اور ٹک ٹاک پر جرمانے

ماسکو کی ایک عدالت نے جمعرات کو بتایا کہ حکومت کی نظر میں غیر قانونی سمجھے جانے والے مواد کو حذف کرنے میں ناکامی پر ٹوئٹر، فیس بک کی مالک کمپنی میٹا اور ٹک ٹاک پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

 یہ غیر ملکی ٹیکنالوجی فرموں کے خلاف جرمانے کے سلسلے میں تازہ ترین ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق میٹا کو تین مختلف مقدموں میں ایک کروڑ 30 لاکھ روبیل، ٹوئٹر کو دو مقدموں میں ایک کروڑ روبیل اور ٹک ٹاک پر 40 لاکھ روبیل جرمانہ عائد ہوا ہے۔

کمیونیکیشن ریگولیٹر Roskomnadzor نے بتایا کہ روس نے مارچ سے ٹوئٹر کی رفتار کو بطور سزا کم کر دیا ہے کیونکہ ’کمپنی چائلڈ پورنوگرافی، منشیات کے استعمال سے متعلق معلومات یا نابالغوں کو خودکشی کرنے پر اکسانی جیسی پوسٹس کے خلاف کارروائی میں ناکام رہی۔‘

ٹوئٹر، میٹا اور ٹک ٹاک نے فوری طور پر جرمانہ ہونے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔


سوتی ہوئی خاتون کی آنکھوں کا سکین لے کر موبائل فون سے 24 ہزار ڈالرز کی چوری

آج کل کے سمارٹ فونز میں چہروں کی شناخت کو بطور سکیورٹی ایک موثر فیچر مانا جاتا ہے۔

تاہم چین میں ہوئی ایک انوکھی چوری نے اس فیچر کے موثر ہونے پر سوال کھڑا کیا ہے۔

پی سی میگ کی ویب سائٹ پر ایک خبر میں بتایا گیا کہ گذشتہ دسمبر میں ایک 28 سالہ چینی شخص ہوانگ جنوبی شہر ناننگ میں اپنی سابقہ گرل فرینڈ ڈونگ سے اس بنیاد پر ملنے گئے کہ وہ ان سے ادھار لی گئی رقم واپس کرنے آ رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈونگ بیمار تھیں لہٰذا ہوانگ نے انہیں کھانا بنا کر دیا اور ساتھ ہی دوائی دی جس کی وجہ سے وہ سو گئیں۔

ہوانگ سے موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈونگ کی انگلی ان کے سمارٹ فون پر رکھی اور ساتھ ہی ان کی پلکیں اٹھا کر آنکھوں کا سکین لے کر فون تک رسائی حاصل کی۔

اس کے بعد انہوں نے ڈونگ کے فون سے 24 ہزار ڈالرز علی پے کی مدد سے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کر لیے۔

پولیس نے شکایت ملنے پر رواں سال اپریل میں ہوانگ کو ایک اور شہر سے ڈھونڈ نکالا۔ اب ہوانگ کو چار سال قید اور تین ہزار ڈالرز جرمانہ ہونے کا امکان ہے۔


ایپل کا نیا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ اب نگرانی کرنے والی ایپس کے بارے میں خبردار کرے گا

ایپل کا ایک تازہ ترین اپ ڈیٹ صارفین کو صلاحیت دے رہا ہے کہ وہ ان کے فون میں نگرانی کرنے والی ایپس کے بارے میں جان سکیں۔

اس ہفتے آنے والے iOS 15.2 اپ ڈیٹ میں بہت سے دوسرے اپ ڈیٹس کے ساتھ ساتھ ’ایپ پرائیویسی رپورٹ‘ متعارف کرایا گیا ہے۔

دی انڈپینڈنٹ کے مطابق یہ ٹول صارفین کو اجازت دیتا ہے کہ وہ دیکھ سکیں کہ ان کے فون میں ایپس کیا معلومات اکٹھی کر رہی ہیں اور انٹرنیٹ کے ذریعے کہاں بھیج رہی ہیں۔

اس اقدام کا مقصد ایپس کی موثر ٹریکنگ اور فون کی نگرانی کرنے والی ناپسندیدہ ایپس کو ہٹانے کا آپشن دینا ہے۔

یہ فیچر ان تمام آئی فونز پر دستیاب ہے جنہیں iOS 15.2 میں اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی