پی ایس ایل 7 کے 10ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ گذشتہ سیزنز میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا حصہ رہنے والے اعظم خان اس میچ میں ان پر ہی قہر بن کر ٹوٹ پڑیں گے۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو 43 رنز سے شکست دے دی۔ میچ میں بہترین بلے بازی کے باعث پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ کولن منرو کو دیا گیا۔
جمعرات کی شام کھیلے جانے والے میچ کی پہلی اننگ میں پال سٹرلنگ اور الیکس ہیلز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پراعتماد آغاز فراہم کرتے ہوئے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ دونوں نے ابتدائی اوورز میں خوب رنز سمیٹے اور چوتھے اوور میں ہی سکور کو 50 تک پہنچا دیا۔
پاوور پلے کے اختتام تک یونائیٹڈ کا سکور 81 رنز تھا اور اس کی صرف ایک وکٹ گری تھی۔
الیکس ہیلز پانچ چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد کا سکور 55 تھا۔ جس کے بعد کولن منرو نے اسلام آباد کی اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے پال سٹرلنگ کے ساتھ مل کر مزید 47 رنز جوڑے۔
پال سٹرلنگ نے 28 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔ ان کے اننگ میں سات چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
سٹرلنگ کی وکٹ گرنے کے بعد کپتان شاداب خان بیٹنگ کرنے آئے لیکن وہ نو گیندوں پر نو رنز ہی بنا سکے۔ جس کے بعد باری آئی اعظم خان کی۔
اعظم خان آئے اور چھا گئے
اعظم خان نے اپنی اننگ کا آغاز ہی تابڑ توڑ بلے بازی سے کیا اور جیمز فالکنر کی ایک گیند پر 107 میٹر کا چھکا لگا کر اپنی آمد کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 31 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی۔ اعظم خان جب 34 گیندوں پر 65 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو اسلام آباد کا سکور 229 تک پہنچ چکا تھا۔ ان کی اننگ میں چھ بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
یونائیٹڈ نے 100 رنز 7.1 اوورز اور 150 رنز صرف 12.1 اوورز میں پورے کیے، اننگ کے 15 اوورز میں اسلام آباد کا سکور 178 تک پہنچ چکا تھا۔
ایک موقعے پر لگا کہ آج یونائیٹڈ کی ٹیم 230 تک کا ہدف دے سکتی ہے۔
اور پھر کولن منرو اور اعظم خان کی شاندار بلے بازی کی بدولت ایسا ہی ہوا۔ دونوں نے مل کر 52 گیندوں پر 93 رنز کی شراکت قائم کی۔
کولن منرو نے بھی پی ایس ایل میں اپنی شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 39 گیندوں پر 72 رنز بنائے جن میں پانچ چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کوئٹہ کا کوئی بھی بولر اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں کے بلوں سے بہنے والے رنز کے سیلاب کو نہ روک سکا۔
شاہد آفریدی کوئٹہ اور پی ایس ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے جنہوں نے اپنے چار اوورز میں 67 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ لے سکے۔ جبکہ سپنر محمد نواز چار اوورز میں 32 رنز دے کر دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
دوسری جانب گلیڈی ایٹرز کی اننگ کا آغاز بھی پر اعتماد تھا اور احسان علی اور عبدالبنگلزئی نے گیند کو مڈل کرتے ہوئے پاور پلے میں 54 رنز جوڑے۔
احسان علی نے 26 گیندوں پر ففٹی سکور کی۔
لیکن ان کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹاپ آرڈر میں سے کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور کوئٹہ دس اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنا سکا جس کے بعد محسوس ہونے لگا کہ ہنوز دلی دور است۔
اننگ کے اختتامی اوور میں محمد نواز نے بلا تو خوب گھمایا لیکن 22 گیندوں پر 47 رنز پر وہ بھی اپنی وکٹ کھو بیٹھے۔
شاداب خان، بلے بازی کے بعد اب بولنگ کی باری
اسلام آباد کے کپتان شاداب خان جو گذشتہ میچ میں اپنی شاندار بلے بازی کی وجہ سے خبروں میں رہے، آج کے میچ میں اپنی نپی تلی بولنگ کے باعث چار اوورز میں 28 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کر کے بولرز میں سرفہرست رہے۔
کوئٹہ کے مڈل آرڈر کا کوئی بھی بلے باز ان کی گھومتی ہوئی گیندوں پر بلا نہ گھما سکا اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹ کھو کر پویلین کا رخ کرتے رہے۔
کوئٹہ کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 186 رنز بنا سکی۔