پاکستان کی سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی مذمت

وزیراعظم عمران خان نے پیر کو سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی مستقل حمایت پر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کی جانب حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے پیر کو سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی مستقل حمایت پر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

دوران ملاقات وزیراعظم نے پاکستان کو دی جانے والی حالیہ مالیاتی بجٹ امداد پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے اسلامی اتحاد کو فروغ دینے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مملکت کی ترقی اور خوشحالی کے وژن اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات میں ان کےتعاون کو بھی سراہا۔

سعودی عرب میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کی میزبانی پر وزیراعظم نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور لوگوں کے درمیان روابط کے فروغ پر زور دیا۔

دونوں ممالک کے درمیان مجرموں کی منتقلی کے معاہدے پر وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس فریم ورک کے ذریعے سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی ایک بڑی تعداد کو پاکستان واپس بھیجا جائے گا۔

شہزادہ عبدالعزیز نے وزیر اعظم کو سعودی ولی عہد کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

شہزادہ عبدالعزیز نے مملکت کی ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کا بھی اعتراف کیا اور اپنی وزارت سے متعلق تمام معاملات پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستانی ورکرز کا بہترین خیال رکھنے پر سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں: شیخ رشید

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی ورکرز کا ’بہترین‘ خیال رکھا جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے یہ بات سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف سے ملاقات کے بعد کہی ہے۔

سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف پیر کو ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نور خان ائیر بیس راولپنڈی پر سعودی وزیر داخلہ کا اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں پاکستانی ورکرز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کا سعودی حکومت اچھے سے خیال رکھ رہی ہے۔‘

ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے پاکستان اور سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے درمیان مضبوط تعلقات پر زور دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔‘

وزرات داخلہ کے مطابق سعودی وزیر داخلہ شیخ رشید کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل پاکستان کی وزارت داخلہ نے چند روز قبل اس حوالے سے بیان بھی جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ عبدالعزیز اپنے ہم منصب شیخ رشید کی دعوت پر پاکستان آرہے ہیں۔

ان ملاقاتوں میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال میں سفری پابندیوں میں نرمی پر بھی بات چیت ہوگی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیر داخلہ شیخ رشید نے اتوار کو ایک پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ان سب پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا، جو سعودی عرب کی جیلوں میں چھوٹے کیسز میں قید ہیں اور جن پر جرمانے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مختلف ممالک کے وزرائے داخلہ کو دعوت دی گئی ہے، جہاں پاکستانی قید ہیں تاکہ انہیں وطن واپس لانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت برادر مسلم ممالک میں قید ان پاکستانیوں کی واپس پر کام کر رہی ہے جو چھوٹے کیسز میں جرمانے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے قید میں ہیں۔

دوسری جانب سرکاری حکام نے نام نہ ظاہر کرنے شرط پر انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ سعودی وزیر داخلہ کی جی ایچ کیو میں آرمی چیف سے بھی تفصیلی ملاقات ہوگی۔

اسی ضمن میں گذشتہ ہفتے سعودی سفیر کی وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات بھی ہوئی تھی، جس میں سعودی وزیر داخلہ کے دورہ پاکستان کی تیاریوں پر بات چیت کی گئی۔

سعودی وزیر داخلہ کی پاکستان آمد پر دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور ویزا کے اجرا پر بھی بات جیت کی جائے گی۔

عرب نیوز کے مطابق گذشہ ماہ سعودی عرب نے دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کی واپسی اور انسانی اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے معاہدوں کی توثیق کی۔

معاہدوں پر دستخط گذشتہ سال مئی میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودہ عرب کے دوران ہوئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان