سکیورٹی پر اعتماد ہے، پاکستان میں انتہائی محفوظ ہیں: سٹیو سمتھ

پاکستان کے دورے پر آنے والی آسٹریلوی ٹیم کے سینیئر بلے باز سٹیو سمتھ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں بہت محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

پاکستان کے دورے پر آنے والی آسٹریلوی ٹیم کے سینیئر بلے باز سٹیو سمتھ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں بہت محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

سٹیو سمتھ نے منگل کو آن لائن پریس کانفرنس میں کہا کہ ’یہاں بہت سے لوگ ہیں جو ہمارے ساتھ کام کر رہے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گذشتہ روز ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ سوشل میڈیا پر آسٹریلوی کھلاڑیوں کی فیملیز کو مبینہ طور پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

تاہم اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فوری طور پر ایک بیان سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ کرکٹ آسٹریلیا سوشل میڈیا پوسٹس کے حوالے سے آگاہ ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’کرکٹ آسٹریلیا سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ سے مکمل باخبر ہے۔ پی سی بی، کرکٹ آسٹریلیا اور دونوں اطراف کی سرکاری سکیورٹی ایجنسیز نے اس پوسٹ کی نوعیت اور کنٹینٹ کی تحقیقات کی ہیں۔‘

 ’اس قسم کی سوشل میڈیا سرگرمی کے لیے جامع سکیورٹی پلانز ترتیب دیے گئے ہیں اور انہیں اس حوالے سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘

اس حوالے سے سٹیو سمتھ سے بھی سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سوشل میڈیا سے باخبر ہیں، ناخوشگوار واقعات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہو سکتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’یہاں بہت سے لوگ ہیں جو ہمارے ساتھ کام کر رہے ہیں، ہمیں ہماری سکیورٹی اور تمام وہ لوگ جو اس میں شامل ہیں پر اعتماد ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستان میں کافی محفوظ محسوس کر رہے ہیں، اور ہماری سکیورٹی اور وہ لوگ جن پر ہمیں اعتماد ہے ہمیں محفوظ رکھیں گے۔‘

اس کے علاوہ سٹیو سمتھ نے پاکستان ٹیم کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ انہیں پاکستان کو اپنے ہی ملک میں ہرانے کے لیے بہت اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔

’پاکستان کے سکواڈ میں کافی کوالٹی پلیئرز موجود ہیں۔ پاکستان کے خلاف اس کی اپنی کنڈیشنز میں کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہے اور ہمیں کافی پرجوش ہیں۔‘

یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کے پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا ہے اور وہاں موجود آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ موجود افراد سے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ آسٹریلیا کو ہیڈ آف سٹیٹ پروٹوکول دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 24 سال بعد پاکستان میں کھیلی جانے والی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جمعے سے راولپنڈی میں شروع ہو رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ