راولپنڈی ٹیسٹ: ’نہ کوئی سنسنی نہ ڈراما، صرف بلے بازوں کا راج‘

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن مہمان ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنا لیے۔

ایلکس کیری آؤٹ ہونے کے بعد بلا ہوا میں اچھال کر مایوسی کا اظہار  کررہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کا چوتھا دن بھی کسی سنسنی اور ڈرامے کے بغیر بلے بازوں کے نام ہی رہا اور پاکستانی بولرز سخت محنت کے باوجود صرف پانچ کھلاڑی آؤٹ کر سکے۔

پیر کو میچ کے چوتھے دن کھیل کا آغاز تاخیر سے ہوا کیونکہ گذشتہ شب بارش کے باعث ابتدائی دو گھنٹے گراؤنڈ کو خشک کرنے میں گزر گئے۔ 

آسٹریلیا نے اپنے گذشتہ روز کے سکور 271 رنز پر دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا تو مارنس لبوشین اور سٹیو سمتھ نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے سکور 311 تک پہنچایا۔

دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 155 رنزکی پارٹنرشپ کی۔ تاہم نئی گیند لینے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو اننگز کی پہلی وکٹ اس وقت ملی جب لبوشین 90 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد سلپ میں عبد اللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد آنے والے بلے باز ٹریوس ہیڈ بھی زیادہ دیر نہ رک سکے اور صرف نو رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دوسری طرف سے سمتھ نے محتاط بلے بازی جاری رکھی اور کیمرون گرین کے ساتھ 93 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔

کیمرون گرین اپنی نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 48 رنز بناکر نعمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

تاہم سمتھ نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے اور 422 کے مجموعی سکور پر نعمان کو وکٹ دے بیٹھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آسٹریلیا کے ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز ایلکس کیری تھے جنھیں نسیم شاہ نے شاندار آف کٹر پر بولڈ کیا۔

دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے سات وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنائے ہیں جبکہ اسے پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 27 رنز درکار ہیں۔

پاکستانی بولرز نے نسبتاً بہتر بولنگ کی، خاص طور پر شاہین نے دن کے آخری گھنٹے میں جارحانہ بولنگ کر کے آسٹریلین بلے بازوں کو پریشان کیا۔

پاکستان کی جانب سے اب تک نعمان سب سے کامیاب بولر رہے ہیں جنہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ