امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے ایک پوش علاقے میں سکول کے قریب فائرنگ سے تین خواتین سمیت چار افراد کے زخمی ہونے کے بعد پولیس ابتدائی معلومات اور تفتیش کی بنیاد پر ایک 23 سالہ نوجوان کی تلاش میں تھی جس نے اپنی جان لے لی۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے معلومات جاری کی تھیں جس میں ایک مشتبہ آدمی کی شناخت ظاہر کی گئی تھی۔ تفتیش کار واشنگٹن کے پوش علاقے میں مبینہ ملزم کو ڈھونڈنے گھر گھر تلاشی لے رہے تھے۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹایمز کی ایک رپورٹ کے مطابق مبینہ ملزم ریمنڈ سپینسر نے خود کو اس وقت مار ڈالا جب پولیس اس کے مکان میں داخل ہونے کے لیے دروازے پر موجود تھی۔
پولیس مبینہ ملزم تک کیسے پہنچی؟
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈی سی کے نائب پولیس چیف سٹوارٹ ایمرمین نے رپورٹرز کو بتایا کہ وہ ایک 23 سالہ نوجوان کی تلاش میں ہیں جس کا نام ریمنڈ سپینسر ہے اور تعلق ورجینیا کے مضافاتی علاقے فیئر فیکس سے ہے۔ ان کی شناخت تفتیش کاروں نے کچھ سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے کی ہے۔
انہوں نے بتایا: ’اس وقت تک ہم نے جو چیزیں سوشل میڈیا پر دیکھی ہیں اور جن معلومات پر ہم تفتیش کر رہے ہیں اس کی بنیاد پر ہم ایک شخص کو تلاش کر رہے ہیں جس سے ہم بات کرنا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا: ’اس شخص کا نام ریمنڈ سپینسر بتایا گیا ہے۔ وہ ایک 23 سالہ مرد ہیں۔‘
ڈی سی نائب پولیس چیف نے مزید کہا: ’ہم سپینسر صاحب سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ خود پولیس کے سامنے پیش ہو جائیں تاکہ ہم ان سے بات کر سکیں۔‘
بعد میں واشنگٹن ڈی سی پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مشتبہ شخص کی تصاویر بھی جاری کر دیں۔
پولیس نے سوشل میڈیا پوسٹس کی نوعیت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا لیکن ایک فرد نے جو خود کو ریمنڈ سپینسر کے نام سے شناخت کرواتا تھا آن لائن پلیٹ فارم فورچین پر متعدد پوسٹس لگائی تھیں۔ پوسٹس میں بندوق سے گولیاں چلتی نظر آتی ہیں ایک عمارت کی اوپری منزل کی کھڑکی سے اور پوسٹ پر غلط ہجوں کے ساتھ ’شول شوٹنگ‘ لکھا گیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پولیس کے مطابق ایک نجی کالج کے ابتدائی سکول کے نزدیک تین افراد کو گولیاں لگیں۔ ان میں ایک 54 سالہ مرد اور ایک خاتون کو شدید زخموں کے ساتھ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تیسری زخمی ایک 12 سالہ لڑکی تھیں جنہیں بازو میں گولی لگی تھی لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر تھی۔
چوتھی زخمی خاتون عمر کی 60ویں دہائی میں تھیں جنہیں گولی چھو کر گزری اور موقعے پر ہی ان کی مرہم پٹی کی گئی۔
ڈی سی پولیس کے نائب سربراہ کے مطابق ان معمر خاتون سے پولیس کے تفتیش کاروں نے گفتگو کی تھی۔
واشنگٹن ڈی کی میئر مریئل بوزر نے کہا: ’فائرنگ کا واقعہ ایک اور مثال ہے کہ ہمیں اسلحے سے متعلق سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے کہا: ’ ہم نے اپنے ملک میں اس کا بہت تجربہ کیا ہے۔ بندوق سے تشدد کی وبا اور اسلحے تک آسان رسائی کو رکنا ہو گا۔ لوگوں کو اپنے بچے سکول لے جاتے ہوئے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔‘