کراچی کی حیدرآباد کالونی میں دستیاب حیدرآباد دکن کی کچے گوشت کی بریانی نہ صرف شہر قائد بلکہ پورے پاکستان میں بہت مشہور ہے اور لوگ خاص پر یہ بریانی کھانے آتے ہیں۔
حیدرآباد کالونی میں پچھلے 45 سال سے یہ بریانی فروخت کرنے والے محمود ابو میاں کہتے ہیں کہ ’لوگ پوچھتے ہیں کیا اس بریانی میں کچا گوشت ڈالا جاتا ہے؟ تو اس کا جواب ہے کہ ہاں کچا گوشت ہی ڈالا جاتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’لوگ کچے گوشت کی حیدرآبادی بریانی ڈھونڈتے ہوئے آتے ہیں۔ انڈیا سے تو بہت سارے لوگ ایسے آتے ہیں جو یہاں کی کچے گوشت کی بریانی کھانے کے بعد کہتے ہیں کہ یارجہاں سے یہ ڈش شروع ہوئی یعنی انڈیا کے شہر حیدرآباد دکن سے وہاں بھی یہ ڈش اس طرح نہیں بن رہی جیسے یہاں۔‘
محمود ابو میاں نے مزید بتایا: ’پورے پاکستان میں کہیں بھی بریانی میں دودھ نہیں ڈالا جاتا لیکن حیدرآبادی کچے گوشت کی بریانی میں دودھ کا استعمال کیا جاتا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اس بریانی میں ڈالے جانے والے گوشت پرمصالحے لگا کر کئی گھنٹوں تک رکھا جاتا ہے اور پھر دیگ کے اوپر اور اطراف میں کوئلے ڈال کر بریانی کو منفرد طریقے سے دم دیا جاتا ہے۔
بقول محمود ابو میاں: ’جو لوگ امریکہ، لندن، کینیڈا، سعودی عرب اوردبئی سے اپنے رشتے داروں سے ملنے کراچی آتے ہیں، وہ کچے گوشت کی بریانی کھانے بھی ضرور آتے ہیں۔‘