پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کھیلی جانے والی کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے دوسرے سیزن کے چوتھے میچ میں اوورسیز واریئرز کے فاسٹ بالر سہیل خان نے جموں جانباز کے تین کھلاڑیوں کو لگا تار آؤٹ کرکے دوسرے سیزن کی پہلی ہیٹرک کا اعزاز اپنے نام کر لیا، تاہم ان کی ہیٹرک کے باوجود اوورسیز واریئرز کی ٹیم یہ میچ جیتنے میں ناکام رہی۔
جلال آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 20 کی بجائے آٹھ اووز تک محدود کرنا پڑا۔ مقررہ آٹھ اوورز میں اوورسیز واریئرز نے تین وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنائے۔
جواب میں جموں جانباز نے مطلوبہ ہدف سات اعشاریہ تین اوورز میں حاصل کر لیا۔ اگرچہ اننگ کے تیسرے اوور میں سہیل خان نے لگاتار تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر سیزن کی پہلی ہیٹرک کا اعزاز اپنے نام کیا تاہم ان کی یہ کامیابی بھی ان کی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہی۔ اس طرح اوورسیز واریئرز دوسرے سیزن کا اپنا پہلا میچ ہار گئی۔
سہیل خان نے تیسرے اوور کی تیسری گیند پر شرجیل خان کو آؤٹ کیا۔ ان کا کیچ محمد شہزاد نے پکڑا۔ چوتھی بال پر صاحبزادہ فرحان کلین بولڈ ہوئے جبکہ پانچویں بال پر عمر اکمل کا کیچ فرحان شفیق نے پکڑا۔ اس طرح سہیل خان نے کے پی ایل کے دوسرے سیزن کی پہلی ہیٹرک کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
سہیل خان کون ہیں؟
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے مالاکنڈ میں پیدا ہونے والے سہیل خان، سہیل پٹھان کے نام سے بھی مشہور ہیں اور وہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں کھیلنے کے علاوہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا حصہ رہ چکے ہیں۔
2007 میں قائد اعظم ٹرافی سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے سہیل خان نے سوئی سدرن گیس کارپوریشن کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنے پہلے نو میچز میں 65 وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سہیل خان نے اپنے کیریئر کی ابتدا میں ہی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں پانچ اور دوسری میں سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے مجموعی طور پر ایک میچ میں 12 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔
اسی سال قائداعظم ٹرافی کے فائنل میچ میں سہیل خان نے 189 رنز کے عوض ایک میچ میں 16 وکٹیں لے کر فضل محمود کا کئی سالوں تک برقرار رہنے والا ریکارڈ توڑ دیا۔
فرسٹ کلاس کرکٹ کے پہلے سیزن میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر سہیل خان قومی ٹیم سکواڈ کا حصہ بنے اور جنوری 2008 میں انہوں نے زمبابوے کے خلاف اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔
سہیل خان 2015 میں ورلڈ کپ کھیلنے والی قومی ٹیم کا حصہ تھے اور انڈیا کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے اس میچ میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جن میں کپتان مہندر سنگھ دھونی کے علاوہ شیکھر دھون، ورات کوہلی، سریش رینا اور اجنکیا رہینا شامل تھے۔
اس میچ کے اڑتالیسویں اوور میں سہیل خان نے کپتان مہندر سنگھ دھونی اور اجنکیا رہینا کو لگا تار دو بالوں پر پویلین کی راہ دکھائی۔ وہ ہیٹرک سے چند قدم کے فاصلے پر تھے مگر اگلی بال پر وہ محمد شامی کی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔