ضمنی انتخابات: عمران خان کی ریکارڈ جیت، چھ حلقوں میں کامیاب

قومی اسمبلی کی آٹھ میں سے چھ نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کو کامیابی ملی ہے جبکہ ملیر اور ملتان کی دو نشستیں پیپلز پارٹی نے جیتی ہیں۔

20 مئی 2022 کی اس تصویر میں سابق وزیراعظم عمران خان ملتان میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے(اے ایف پی)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گذشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں بیک وقت چھ حلقوں میں کامیابی حاصل کر کے ایک ریکارڈ جیت اپنے نام کی ہے۔

اس سے قبل 2018 کے عام انتخابات میں وہ بیک وقت پانچ نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے۔

گذشتہ روز قومی اسمبلی کی آٹھ نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی جن میں سے سات نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدوار عمران خان خود میدان میں تھے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی کی آٹھ میں سے چھ نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کو کامیابی ملی ہے جبکہ ملیر اور ملتان کی دو نشستیں پیپلز پارٹی نے جیتی ہیں۔

مردان این اے 22:

این اے 22 مردان کی نشست پر عمران خان کا مقابلہ جمعیت علمائے اسلام کے محمد قاسم سے تھا۔ عمران خان 76 ہزار 681 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ محمد قاسم 68 ہزار 171 ووٹ حاصل کر سکے اور انہیں 8500 ووٹوں سے شکست ہوئی۔

چارسدہ این اے 24:

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے این اے 24 چارسدہ سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان کو بھی شکست دی۔

این اے 24 چارسدہ کے تمام 384 پولنگ سٹیشنز کے نتیجے کے مطابق عمران خان 78 ہزار 589 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان 68 ہزار 356 ووٹ حاصل کر سکے۔

پشاور این اے 31:

نتائج کے مطابق عمران خان نے پشاور کی نشست این اے 31 پر عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار غلام احمد بلور کو شکست دی۔

عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ اے این پی کے غلام احمد بلور 32 ہزار 253 ووٹ حاصل کرسکے اور یوں غلام احمد بلور کو 25 ہزار 571 ووٹوں سے شکست ہوئی۔

فیصل آباد این اے 108:

پنجاب کے شہر فیصل آباد میں عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عابد شیر علی کو 24471 ووٹوں کے مارجن سے شکست دی۔

این اے 108 فیصل آباد کےتمام 354 پولنگ سٹیشنز کے نتیجے کے مطابق عمران خان 99 ہزار 602 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی 75 ہزار 131 ووٹ لے سکے۔

ننکانہ صاحب این اے 118:

عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 118 ننکانہ صاحب میں بھی بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔

این اے 118 ننکانہ صاحب ٹو کے نتیجے کے تحت عمران خان 90 ہزار 180 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

ان کی مخالف امیدوار پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی نے 78 ہزار 24 ووٹ حاصل کیے اور انہیں 12156 ووٹوں سے شکست ہوئی۔

ملتان این اے 157:

ملتان میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کی خالی کردہ نشست این اے 157 پر بھی ضمنی انتخاب ہوا جس پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحب زادے موسیٰ گیلانی نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صاحب زادی مہربانو قریشی کو شکست دے دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

این اے 157 ملتان فور کے تمام پولنگ سٹیشنز کے نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی ایک لاکھ سات ہزار 327 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کی مہر بانو قریشی نے 82 ہزار 141 ووٹ حاصل کیے۔

کراچی ملیر این اے 237:

ان ضمنی انتخابات میں عمران خان کو صرف ایک ہی نشست پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ این اے 237 ملیر میں پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ سے ہار گئے۔

اس حلقے کے نتائج کے مطابق عبدالحکیم بلوچ نے 32 ہزار 567 ووٹ لیے جبکہ عمران خان 22 ہزار 493 ووٹ لیے۔

کراچی کورنگی این اے 239:

این اے 239 کراچی کورنگی کے نتائج کے مطابق عمران خان نے اس نشست پر بھی کامیابی حاصل کر لی جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار نیئر رضا دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

حلقہ کامیاب ناکام فتح کا مارجن
مردان این اے 22 عمران خان (تحریک انصاف) محمد قاسم (جمعیت علمائے اسلام) 8500
چارسدہ این اے 24 عمران خان (تحریک انصاف) ایمل ولی خان (عوامی نیشنل پارٹی) 10233
پشاور این اے 31 عمران خان (تحریک انصاف) غلام احمد بلور (عوامی نیشنل پارٹی) 25571
فیصل آباد این اے 108 عمران خان (تحریک انصاف) عابد شیر علی (مسلم لیگ ن) 24471
ننکانہ صاحب این اے 118 عمران خان (تحریک انصاف) شذرہ منصب علی (مسلم لیگ ن) 12156
ملتان این اے 157 علی موسیٰ گیلانی (پیپلز پارٹی) مہر بانو قریشی 25186
کراچی ملیر این اے 237 عبدالحکیم بلوچ (پیپلزپارٹی) عمران خان (تحریک انصاف) 10075
کراچی کورنگی این اے 239 عمران خان (تحریک انصاف) نیئر رضا (ایم کیو ایم) 31898

پنجاب کی صوبائی نشستیں:

پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے دو جبکہ مسلم لیگ ن نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔

پی پی 139 شیخوپورہ میں ضمنی انتخاب کے نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری افتخار احمد بھنگو 40 ہزار 829 ووٹ لے کر پی ٹی آئی کے محمد ابوبکر سے جیت گئے۔ محمد ابو بکر نے 37 ہزار 712 ووٹ حاصل کیے۔

پی پی 209 خانیوال میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فیصل خان نیازی نے 71 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے چوہدری ضیاالرحمن نے 57 ہزار 603 ووٹ لیے۔

پی پی 241 بہاولنگر میں تحریک انصاف کے ملک محمد مظفر خان 59 ہزار 957 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار امان اللہ ستار 48 ہزار 147 ووٹ لے سکے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست