پاکستان سپر لیگ سیزن 8 میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر احسان الله کا تعلق سوات سے ہے۔ بے پناہ مسائل، مشکل حالات اور سیلاب سے متاثرہ خاندان سے تعلق رکھنے والے اس 20 سالہ نوجوان نے کرکٹ کی دنیا میں اپنا لوہا منوا لیا ہے۔
سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے ارکوٹ سے تعلق رکھنے والے احسان الله نے پاکستان سپر لیگ سیزن 8 میں تیز بولنگ کرنے اور نمایاں کاکردگی دکھانے پر ملتان سلطانز کے لیے اگلے ایڈیشن میں بھی امکانات روشن کر دیے ہیں۔
احسان الله نے اب تک سب سے زیادہ 12 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں موسم گرما میں بارشوں اور سیلاب سے سینکڑوں مکانات اور لاکھوں ایکڑ زرعی زمینیں متاثر ہوئیں، اور ان متاثرین میں ملتان سطان کے لیے کھیلنے والے نوجوان کھلاڑی احسان الله کا خاندان بھی شامل تھا۔
سوات میں آنے والی سیلابی ریلوں سے احسان اللہ کے گھراور کھیت کو بری طرح نقصان پہنچا۔
احسان الله کے ماموں ملک احمد خان نے انڈیپنڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ کرکٹ کے نوجوان کھلاڑی پانچ بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں جبکہ ان کے والد پیشے کے لحاظ ایک زمیندار ہیں۔
’احسان کو بچپن سے کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا لیکن سپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے ڈسٹرکٹ سطح پر کھیلنا پسند کرتا تھا۔
’مجھے اس وقت سے یہ محسوس ہونے لگا تھا کہ احسان الله ایک دن ملک و قوم کا نام ضرور روشن کرے گا۔‘
ملک احمد خان نے کہا کہ ابتدائی مراحل میں احسان اللہ کو ایک کرکٹ اکیڈمی میں داخل کروایا گیا تاکہ ان کے کرکٹ کا جنون پورا ہو سکے۔
’مقامی سطح پر کرکٹ میں ان کی کارکردگی شاندار تھی لیکن پھر حالیہ سیلاب کی وجہ سے جب گھر اور کھیت سیلابی ریلے کی نذر ہوگئے تو وہ شدید مشکلات کا شکار ہوئے۔
’گھر اور کھیت بہہ جانے کی وجہ سے جہاں وہ معاشی طور پر متاثر ہوئے وہی کرکٹ کے لئے وقت نکالنا بھی مشکل ہو گیا اور کئی دنوں تک مایوسی اور پریشانی میں گزارے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’بہرحال ہم سب نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں دوبارہ کرکٹ کی طرف راغب کیا۔‘
ملک احمد خان کہتے ہیں کہ ان کا بھانجا احسان اللہ بچپن سے یوٹیوب پر وقار یونس کو دیکھتے تھے، جس سے بہت کچھ سیکھا اور یہی وجہ ہے کہ ان کو مردان کرکٹ اکیڈمی میں داخلہ دلوایا گیا۔
’احسان اللہ نے ٹیپ بال سے کرکٹ کھیلنا شروع کیا تھا اور پھر ہارڈ بال پر کھیل کر تیز گیند بازی کی وجہ سے کرکٹ اکیڈمی نے انہیں کٹیگری اے میں پروموٹ کیا۔‘
ملتان سلطانز کے تیز بولر احسان الله نے گراؤنڈ میں اپنے خواب سچ کر دکھائے ہیں۔
انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں کسی بھی بولر کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا تیز ترین چار اوورز کا سپیل کیا۔
احسان الله اوسط 144.37 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکتے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 8 کے دوسرے میچ میں احسان الله نے چار اوورز میں صرف 12 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور وہ اس ایونٹ کے پانچ میچز میں 12 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر رہے۔