پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 میں تیز ترین سینچری بنانے والے ملتان سلطانز کے کھلاڑی عثمان خان کہتے ہیں کہ انہوں نے اس دن گراؤنڈ میں جاتے وقت ساتھی کھلاڑی عبداللہ سے کہا تھا کہ 130 رنز بنے تو وہ انہیں عمرے کا ٹکٹ دیں گے۔
’انڈی کی گوگلی‘ کے لیے مشتاق احمد سے خصوصی گفتگو میں عثمان خان نے بتایا کہ جس دن انہوں نے تیز ترین سینچری کی، ان کی طبعیت ٹھیک نہیں تھی اور بخار محسوس ہو رہا تھا۔ رات کو نیند بھی اچھی نہیں آئی، اس لیے انہوں نے صبح ناشتہ بھی ٹھیک طریقے سے نہیں کیا لیکن چوں کہ دوا کھانی تھی اس لیے ہلکا پھلکا کچھ کھا لیا۔
بقول عثمان مجھے کوچ کا میسج آیا کہ آپ نے میچ کھیلنا ہے۔
’میں نے اعظم کو فون کیا کہ میرے پاس آئیں، میں سینڈوچ منگواتا ہوں، پھر دو پیس میں نے کھائے اور دو اعظم نے کھائے اور اس کے بعد میں نے دوا کھائی۔‘
عثمان نے بتایا کہ ’جب میں گراؤنڈ میں جانے لگا تو عبداللہ نے کہا کہ 50 رنز کروں گا تو مجھے کیا دیں گے؟‘ میں نے کہا کہ ’جو مانگیں گے، وہ دوں گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بقول عثمان: ’میں نے کہا کہ اگر میں نے 130 رنز کیے تو میں عمرے کا ٹکٹ دوں گا۔ عبداللہ نے کہا انشا اللہ آپ کریں گے اور میں اب انہیں عمرے کا ٹکٹ دوں گا کیوں کہ میں نے ان سے وعدہ کیا تھا۔‘
11 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور یعنی 262 رنز بنائے تھے، جس میں سب سے اہم کردار عثمان خان نے تیز ترین سینچری بنا کر ادا کیا۔
عثمان خان نے صرف 43 گیندوں پر نو چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنائے تھے۔
عثمان خان نے صرف 36 گیندوں پر سینچری سکور کی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ انہی کی ٹیم میں کھیلنے والے رئیلی روسو کے پاس تھا جنہوں نے اسی پی ایس ایل میں صرف ایک روز قبل 41 گیندوں پر سینچری سکور کر کے اپنا ہی ریکارڈ تور دیا تھا۔ رئیلی روسو نے اس سے پہلے 2020 میں 43 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سینچری سکور کی تھی۔
ان کے علاوہ ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے بھی نصف سینچری سکور کی۔