پاکستان سپر لیگ 8 کے دوسرے پلے آف میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی۔
اس شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی جب کہ زلمی کا مقابلہ اب لاہور قلندرز سے کل جمعے کی شام سات بجے ہو گا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم ہفتے کو ملتان سلطانز سے پی ایس ایل 8 کے فائنل میں ٹکرائے گی۔
ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو یہ فیصلہ کچھ عجیب لگا کیوں کہ کل اسی میدان میں لاہور قلندرز نے دوسری باری کرتے ہوئے بری طرح شکست کھائی تھی۔
زلمی کی بیٹنگ شروع ہوئی تو یونائیٹڈ کے اس فیصلے پر ہر گیند کے ساتھ حیرت بڑھتی گئی اور پھر بابر اعظم کی شاٹس نے کچھ ایسا سما باندھا کے ایک موقعے پر لگا کہ پشاور زلمی کی ٹیم 200 سے زیادہ کا ہدف بورڈ پر لگا کے یونائیٹڈ کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دے دی گی۔
لیکن بابر اعظم اور محمد حارث کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر سکور نہ کر سکا اور یوں پشاور زلمی کی اننگز 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز پر سمٹ گئی۔
بابراعظم نے 39 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے نو ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔
پشاور کی جانب سے صائم ایوب آج اپنا کھیل نہ دکھا سکے اور صرف 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان چار اوورز میں 40 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کر سکے۔
یونائیٹڈ کی بیٹنگ شروع ہوئی تو رحمان اللہ گرباز جلد ہی آؤٹ ہو کر لوٹ گئے جس کے بعد الیکس ہیلز کا ساتھ دینے کے لیے صہیب مقصود آئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صہیب مقصود کا کریز پر آنا الیکس ہیلز اور یونائیٹڈ دونوں کے لیے تسلی کا باعث رہا کیوں کہ ایلکس ہیلز بس دوسرے اینڈ سے صہیب مقصود کو رنز بناتے دیکھتے رہے۔
جو زلمی کے کسی بولر کو خاطر میں نہ لائے اور گیند کو وقتاً فوقتاً بونڈری کا راستہ دکھاتے رہے۔
پھر دیکھتے ہی دیکھے الیکس ہیلز بھی اس پارٹی میں شامل ہوتے گئے اور یوں میچ کا نتیجہ دسویں اوور میں ہی واضح طور پر یونائیٹڈ کے حق میں دکھائی دینے لگا۔
دونوں بلے بازوں نے برق رفتاری سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور 11ویں اوور میں سکور 100 رنز تک پہنچا دیا۔
لیکن دونوں بلے باز کی اپنی اپنی نصف سینچری سکور کرنے کے بعد عامر جمال کا نشانہ بن گئے اور یوں میچ ایک بار پھر دلچسپ صورت حال اختیار کر گیا۔
وقفے وقفے سے گرتی وکٹوں اور بونڈریز کے بعد جب میچ آخری اوور میں پہنچا تو یونائیٹڈ کو چھ بالز پر 24 رنز درکار تھے اور گیند عامر جمال کے ہاتھ میں تھی۔
جنہوں نے بہترین گیند بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پورے اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو صرف 11 بنانے دیے اور یوں پشاور زلمی نے دوسرا پلے آف اپنے نام کر لیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے عامر جمال اور سلمان ارشاد نے دو دو وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔