اسلام آباد کا ڈی جے ہنزی ’جو ماسک پہن کر دنیا کو گھما دیتا ہے‘

اب تک 19 کانسرٹس میں شرکت کرنے والے ڈی جے ہنزی نے بتایا کہ ماسک ان کی پہچان بن چکا ہے اور وہ اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر خوشیاں بانٹنا چاہتے ہیں۔

ماسک پہن کر پرفارم کرنے والے اسلام آباد کے ڈی جے ہنزی حاضرین کو خوب محظوظ کرتے ہیں۔

ہنزی ان کا فرضی نام ہے کیونکہ انہوں نے اپنی شناخت چھپا رکھی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ ضروری نہیں دنیا میں لوگوں کو چہرہ دکھا کر ہی خوش کیا جائے، آپ اپنی شناخت چھپا کر بھی خوشیاں بانٹ سکتے ہیں۔

اکیس سالہ ہنزی سٹیج پر جانے سے پہلے ایک مخصوص ماسک پہنتے ہیں، جو ان کے بقول وہ ہمیشہ پہن کر ہی پرفارم کریں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کا ماسک ڈراؤنا کیوں ہے تو انہوں نے جواب دیا: ’دنیا بہت معصوم ہے، اس میں کچھ ڈراؤنے لوگ بھی ہونے چاہییں۔‘

ڈی جے ہنزی نے بتایا کہ انہوں نے یہ مخصوص ماسک چین سے منگوایا ہے، جو اب ان کی پہچان بن چکا ہے۔

’لوگ حیران ہوتے ہیں کہ یہ ماسک پہنا ہوا کون سا نوجوان ہے، جس نے سب لوگوں کو گھما کر رکھ دیا۔‘

لاہور کے ایک ڈی جے سے متاثر ہو کر اس شعبے میں آنے والے ہنزی نے بتایا کہ پاکستان میں کافی ڈی جیز ہیں لیکن وہ ایک الگ اور منفرد نام بنانا چاہتے ہیں۔

 وہ چھ ماہ کی قلیل مدت میں پاکستان کے مختلف شہروں میں 19 کنسرٹ کر چکے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماسک کے بغیر والا ہنزی لوگوں کو سنتا ہے، جاننے کی کوشش کرتا ہے، ان کے درد کو سمجھتا ہے لیکن ماسک والا ہنز ی بالکل مختلف ہے۔

ماسک والے ہنزی کا مقصد زندگی سے پیار کرنا اور لوگوں میں خوشی بانٹنا ہے۔

 خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ سے تعلق رکھنے والے ہنزی نے بتایا کہ ان کے گھر والوں کو معلوم نہیں کہ وہ ڈی جے ہیں۔

انہوں نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ پٹھان گھرانے سے تعلق ہونے کی وجہ سے ان کے خاندان میں اس کام کو معیوب سمجھا جاتا ہے، لیکن مناسب وقت آنے پر وہ گھر والوں کو آگاہ کر دیں گے۔

بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں صحافت کے طالب علم ہنزی نے بتایا کہ ڈی جے بننا ان کا شوق ہے لیکن وہ خود کو مستقبل میں ایک صحافی دیکھتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ابھرتے ستارے